راج بہادر سکسینہ اوجؔ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
قدر وفا بھی ہوگی کسی دن جفا کے بعد (غزل)
قدر وفا بھی ہوگی کسی دن جفا کے بعد
لائے گا رنگ خون شہیداں حنا کے بعد
ہوتا ہے انقلاب جہاں ہر ادا کے بعد
بے باک بھی بنوگے کبھی تم حیا کے بعد
لائے ہیں پھول اہل محبت کی قبر پر
کیا یاد آ گیا انہیں ترک جفا کے بعد
کعبہ میں مجھ سے شان بتاں پوچھتے ہو شیخ
توبہ میں ان کا ذکر کروں گا خدا کے بعد
ان کی کمر کا کوئی پتہ ہی نہیں کہیں
یہ دوسرا طلسم نظر ہے ہما کے بعد
بیٹھی ہے لے کے اب مجھے آغوش میں زمیں
آرام سے ہوں کنج لحد میں قضا کے بعد
اہل وفا ملے گا نہ مجھ سا جہان میں
پچھتائیں گے وہ اوجؔ خود آخر جفا کے بعد
یہ قطرۂ شبنم نہیں اے سوز جگر آج (غزل)
یہ قطرۂ شبنم نہیں اے سوز جگر آج
ڈوبی ہوئی آئے ہے پسینوں میں سحر آج
بے وجہ نہیں فطرت شوخی کا گزر آج
تم آنکھ ملا کر جو چراتے ہو نظر آج
وہ آئے عیادت کو تو آئی ہے قضا بھی
مہماں ہوئے اک وقت میں دو دو مرے گھر آج
ارمان نکلنے دیے کس سوختہ دل کا
ہے وصل کی شب بول نہ اے مرغ سحر آج
وہ کعبۂ دل توڑتے ہیں سنگ جفا سے
برباد ہوا جاتا ہے اللہ کا گھر آج
ہر اشک کے دامن میں ہے اک منظر طوفاں
کیا ڈوب ہی جائے گی یہ کشتئ نظر آج
ڈوبی ہوئی نبضیں یہ پتہ دیتی ہیں مجھ کو
اے اوجؔ نہ ہوگی شب فرقت کی سحر آج
آغوش احتیاط میں رکھ لوں جگر کہیں (نظم)
آغوش احتیاط میں رکھ لوں جگر کہیں
ڈرتا ہوں لے اڑے نہ کسی کی نظر کہیں
غربت میں اجنبی کا بھی ہوتا ہے گھر کہیں
دن بھر کہیں گزار دیا رات بھر کہیں
اغیار ہوں کہیں بت شوریدہ سر کہیں
سب کچھ ہو آہ میں تو ہو اپنی اثر کہیں
یوں اف نہ باغ دہر میں برباد ہو کوئی
بلبل کا آشیاں ہے کہیں بال و پر کہیں
میں آج اپنی آہ کا کرتا ہوں امتحان
ہوں آسماں زمین نہ زیر و زبر کہیں
قید قفس میں حسرت پرواز کیوں رہے
صیاد جو اڑا دے نہ ہے بال و پر کہیں
رہتی ہے ان کی یاد مری دل میں ہر گھڑی
اوجؔ ان کے دل میں کاش ہو میرا بھی گھر کہیں