رئیس الشاکری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غزلوں میں کوئی فکر کا پہلو تو نہیں ہے (غزل)
غزلوں میں کوئی فکر کا پہلو تو نہیں ہے
آواز کا جادو سہی اردو تو نہیں ہے
رہ رہ کے دمکتا ہے ہر اک نقش کف پا
ہم راہ تری یاد کا جگنو تو نہیں ہے
مٹھی میں سہی عظمت ناہیدؔ و ثریاؔ
بگڑے ہوئے حالات پہ قابو تو نہیں ہے
کیوں پانی ہوا جاتا ہے پتھر کا کلیجہ
موضوع مرے شعر کا آنسو تو نہیں ہے
پھر چاند کی مانند ہنسے زخم تمنا
یہ معجزۂ جنبش ابرو تو نہیں ہے
زندہ رہو ممکن ہے سنور جائے کسی روز
قسمت کوئی ان کا خم گیسو تو نہیں ہے
مہکے ہے بڑی شان سے ہر زخم جگر کا
بے گھر کہیں اس زلف کی خوشبو تو نہیں ہے
اپنا پابند کوئی غیر بنا لے مجھ کو (غزل)
اپنا پابند کوئی غیر بنا لے مجھ کو
اس سے اچھا ہے کہ اللہ اٹھا لے مجھ کو
جو کی روٹی سے میں رکھتا ہوں کچھ ایسا رشتہ
راس آتے نہیں سونے کے نوالے مجھے کو
آئنے میں نظر آتی ہے بس اپنی تصویر
میں ترا عکس ہوں اے دیکھنے والے مجھ کو
منزل دل نئی آواز لگا دیتی ہے
روکتے ہیں جو کبھی پاؤں کے چھالے مجھ کو
جب نکلتا ہوں میں گھر سے تو پلٹتا ہی نہیں
گوہر اشک ہوں آنکھوں میں چھپا لے مجھ کو
دل مجبور کو میں نے بھی ستایا ہے بہت
کہیں اللہ مصیبت میں نہ ڈالے مجھ کو
ابھی مضمون محبت کا مکمل ہی نہیں
یاد آئے ہیں کتابوں کے حوالے مجھ کو
گوشۂ قبر میں تسکین کا ساماں ہوگا
کچھ نہ دے پائیں گے دنیا کے اجالے مجھ کو
چار دن کے لئے آیا تھا میں ہستی میں رئیسؔ
موت سے کہہ دو کہ وعدوں پہ نہ ٹالے مجھ کو