رئیس صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ زرد چہرہ یہ درد پیہم کوئی سنے گا تو کیا کہے گا (غزل)
یہ زرد چہرہ یہ درد پیہم کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
ذرا سے دل میں ہزار ہا غم کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
نہ قہقہوں کے ہی سلسلے ہیں نہ دوستوں میں وہ رتجگے ہیں
ہر اک سے ملنا کیا ہے کم کم کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
بچھڑنے والوں کا غم نہ کیجے خود اپنے اوپر ستم نہ کیجئے
اداس چہرہ ہے آنکھ پر نم کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
تو صرف اپنی غرض کی خاطر یہ جلتے دیپک بجھا رہا ہے
مگر ذرا یہ تو سوچ ہمدم کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
بلائیں کتنی بھی آئیں سر پر رئیسؔ غم کی نہ کیجے شہرت
یہ آہ و زاری یہ شور ماتم کوئی سنے گا تو کیا کہے گا
ہنسی ہنسی میں ہر اک غم چھپانے آتے ہیں (غزل)
ہنسی ہنسی میں ہر اک غم چھپانے آتے ہیں
حسین شعر ہمیں بھی سنانے آتے ہیں
ہمارے دم سے ہی آباد ہیں گلی کوچے
چھتوں پہ ہم ہی کبوتر اڑانے آتے ہیں
دریچہ کھول دیا تھا ترے خیالوں کا
ہوا کے جھونکے ابھی تک سہانے آتے ہیں
وصال ہجر وفا فکر درد مجبوری
ذرا سی عمر میں کتنے زمانے آتے ہیں
حسین خوابوں سے ملنے کو پہلے سوتے تھے
کہ اب تو خواب بھی نیندیں اڑانے آتے ہیں
رئیسؔ کھڑکیاں ساری نہ کھولیے گھر کی
ہوا کے جھونکے دئیے بھی بجھانے آتے ہیں