رئیس مالیگانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کتنا وہ پارسا سا لگتا ہے (غزل)
کتنا وہ پارسا سا لگتا ہے
آدمی دیوتا سا لگتا ہے
پوچھ لیتا ہے حال دل میرا
اجنبی آشنا سا لگتا ہے
لوگ کہتے ہیں اس کو دیوانہ
آدمی تو بھلا سا لگتا ہے
آپ سا ہم سفر جو مل جائے
راستہ راستہ سا لگتا ہے
گرد غم کی اگر نہ جمنے پائے
دل بھی اک آئنہ سا لگتا ہے
جیسے پتھر کے بت تراشے ہوں
ہر بدن کھردرا سا لگتا ہے
جس کا چرچا ہے ساری بستی میں
وہ کوئی دل جلا سا لگتا ہے
ایک میں ہی نہیں لٹا ہوں رئیسؔ
کارواں بھی لٹا سا لگتا ہے
کوچے میں اس کے بھیڑ تھی بازار کی طرح (غزل)
کوچے میں اس کے بھیڑ تھی بازار کی طرح
للچائی ہر نظر تھی خریدار کی طرح
اس کا وجود ایک پہیلی سے کم نہیں
اقرار بھی وہ کرتا ہے انکار کی طرح
دل کے سیاہ داغ نہ دھوؤگے جب تلک
چھپتے پھرو گے یوں ہی گنہ گار کی طرح
اک اجنبی نے آ کے فضا کو بدل دیا
بستی پہ چھا گیا ہے وہ اسرار کی طرح
یہ بھی رئیسؔ اپنے مقدر کی بات ہے
ملنے کو وہ ملے بھی تو اغیار کی طرح