پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رہبر سلطانی کی غزلیں — Rahbar Sultani Ghazals

رہبر سلطانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم زباں ہو گئے ہم لوگ شناسائی ہوئی (غزل)

ہم زباں ہو گئے ہم لوگ شناسائی ہوئی

شب کے سناٹوں میں جب روبرو تنہائی ہوئی

آپ کا بزم سے اٹھ جانا مرے حق میں رہا

آپ کے بعد مری خوب پذیرائی ہوئی

پیاس زخمی رہی زندان کے دروازوں تک

بہتے دریاؤ کہاں تم سے مسیحائی ہوئی

پہلے کچھ ابر کے ٹکڑوں سا تھا لرزاں اس پر

بعد میں کیا ہوا کیوں شکل تھی گہنائی ہوئی

ایک مدت ہوئی جس لاش کو دفنائے ہوئے

آج وہ لاش ملی نہر میں اترائی ہوئی

صرف میراث شہادت ہی نہیں حصے میں

دولت گریۂ مظلوم بھی آبائی ہوئی

میرے حجرے میں عجب بے رونقی کا عکس ہے (غزل)

میرے حجرے میں عجب بے رونقی کا عکس ہے

میں ہوں یا میرے علاوہ اور کسی کا عکس ہے

آ کے قدموں میں کوئی مکروہ پرچھائیں گری

میں نے پیچھے مڑ کے دیکھا آدمی کا عکس ہے

چاند کے چہرے پہ تیری یا کہ تجھ پہ چاند کی

فیصلہ مشکل ہے کس پہ چاندنی کا عکس ہے

اتنے بے ڈھب زاویے سے روشنی اب کے پڑی

زندگی سمجھی کہ شاید جاں کنی کا عکس ہے

ان بدلتے موسموں کا بھید کھلتا ہی نہیں

کس کی صنعت ہے یہ کس کاریگری کا عکس ہے

شال میں لپٹی ہوئی شامیں گھروں تک آ گئیں

ڈھلتے سورج کیا سلام آخری کا عکس ہے

جو بچھڑتے وقت میرے لمس میں ٹھہری رہی

چشم یاقوتی میں اس انگشتری کا عکس ہے

مزید غزلیں از رہبر سلطانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں