پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رہبر پرتاپ گڑھی کی غزلیں — Rahbar Pratapgarhi Ghazals

رہبر پرتاپ گڑھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی لمحہ زندگی کا بے مزا ہوتا نہیں (غزل)

کوئی لمحہ زندگی کا بے مزا ہوتا نہیں

تیری یادوں سے اگر یہ دل جدا ہوتا نہیں

منزل مقصود سے دل آشنا ہوتا نہیں

کم تمہارے راستے کا سلسلہ ہوتا نہیں

اپنی منزل کا جسے خود ہی پتا ہوتا نہیں

راہ رو ہوتا ہے لیکن رہنما ہوتا نہیں

آپ احساں مت جتائیں حج و عمرہ بھیج کر

زندگی دے کر بھی ماں کا حق ادا ہوتا نہیں

آگ نفرت کی زباں پر لے کے چلتا ہے وہی

امن سے جس شخص کو کچھ واسطہ ہوتا نہیں

پیار جس کی زندگی ہے آشتی پیغام ہے

یہ سبق ایسا ہے جو مجھ سے جدا ہوتا نہیں

خون دل خون جگر کے ساتھ ہے اردو زباں

پھر تو اے رہبرؔ ترا دل بے صدا ہوتا نہیں

ملیے ضرور اس سے ہمیشہ خوشی کے ساتھ (غزل)

ملیے ضرور اس سے ہمیشہ خوشی کے ساتھ

جو آدمی بھی تم سے ملے سادگی کے ساتھ

دشمن کا ہے سلوک بھی اب یار کی طرح

تم ہی بتاؤ کیا کروں اس دشمنی کے ساتھ

خوشیوں کے ساتھ ساتھ ہے غم کا وبال بھی

دونوں جڑے ہوئے ہیں اسی آدمی کے ساتھ

مجھ کو عظیم تر کیے سر پر لیے ہوئے

کچھ لوگ جا رہے ہیں مگر خامشی کے ساتھ

ہر پہلو میری زیست کا روشن ہے یاد سے

ہر یاد بھی جڑی ہے تری سادگی کے ساتھ

یہ تو بتا دے لوگ تجھے کہہ رہے تھے کیا

جس دن ملا تھا تجھ سے بھی میں عاجزی کے ساتھ

رہبرؔ تمہارے کام کا انجام نیک ہے

ہر کام یوں ہی کرتے رہو خوش دلی کے ساتھ

مزید غزلیں از رہبر پرتاپ گڑھی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں