رہبر جونپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رہ جنوں میں کبھی کامیاب ہم بھی تھے (غزل)
رہ جنوں میں کبھی کامیاب ہم بھی تھے
کبھی حوالۂ دشت و سراب ہم بھی تھے
تری نگاہ نے گوہر بنا دیا ورنہ
حصار موج میں مثل حباب ہم بھی تھے
جنوں نے ہم کو بھی بخشی تھی شان دربدری
جہان فکر میں خانہ خراب ہم بھی تھے
ہمارے ظرف کو رتبوں سے تولنے والو
اسی دیار میں عزت مآب ہم بھی تھے
اندھیرے ہو گئے منسوب ہم سے اب ورنہ
اس آسماں میں کبھی آفتاب ہم بھی تھے
کبھی رستے کو روتے ہیں کبھی مشکل کو روتے ہیں (غزل)
کبھی رستے کو روتے ہیں کبھی مشکل کو روتے ہیں
جو ناکام سفر ہوتے ہیں وہ منزل کو روتے ہیں
ذرا انداز تو دیکھے کوئی ان دل فگاروں کا
پلٹتے ہیں ورق ماضی کا مستقبل کو روتے ہیں
خدایا کس قدر نادان ہیں یہ کشتیاں والے
سمندر پر نظر رکھتے ہیں اور ساحل کو روتے ہیں
بدل دیں انقلاب وقت نے قدریں زمانے کی
سجاتے تھے جو خود محفل وہ اب محفل کو روتے ہیں
گزرتی ہے اسی عالم میں رہبرؔ زندگی اپنی
کبھی دل ہم کو روتا ہے کبھی ہم دل کو روتے ہیں
اے قطب مینار اے بھارت کی عظمت کے نشاں (نظم)
اے قطب مینار اے بھارت کی عظمت کے نشاں
ہر گھڑی سایہ فگن رہتا ہے تجھ پر آسماں
تیرے ہر اک سنگ میں پنہاں ہے تیری داستاں
دیدۂ حیرت سے تکتے ہیں تجھے اہل جہاں
سر بلندی پر تری ہم ہندیوں کو ناز ہے
تو ہماری خوش نما تاریخ کا غماز ہے
تیرا مسکن ارض دلی رشک حسن کوہ قاف
چاند سورج روز تیرے گرد کرتے ہیں طواف
ساری دنیا کو ہے تیری عظمتوں کا اعتراف
تجھ سے ہوتا ہے ہماری قومیت کا انکشاف
تیری صناعی زمانے کے لئے پر پیچ ہے
آج بھی پیرس کا ٹاور تیرے آگے ہیچ ہے
تو ہماری شان و شوکت کا ہے تابندہ گواہ
تجھ سے روشن ہے ہمارے علم و فن کی شاہراہ
تجھ پہ پڑتے ہی چمک اٹھتی ہے حیرت سے نگاہ
تو ہمارا پاسباں ہے تو ہمارا خیر خواہ
ترجمان وقت ہے تو رہنمائے فن ہے تو
ہاں لباس سنگ میں اک پیکر آہن ہے تو