پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رہبر جدید کی غزلیں — Rahbar Jadeed Ghazals

رہبر جدید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیسے کیسے اس دنیا میں بھیس بنا کر آئے لوگ (غزل)

کیسے کیسے اس دنیا میں بھیس بنا کر آئے لوگ

اب پہچانے ہی نہیں جاتے اپنے اور پرائے لوگ

غم کا بوجھ اٹھاتے کب تک آخر راحت پانے کو

اور کہاں جاتے وہ اٹھ کر مے خانے میں آئے لوگ

کھیلنا چاہو تم بھی کھیلو لیکن اتنا یاد رہے

خون کی ہولی کھیل کے اکثر دنیا میں پچھتائے لوگ

بے مقصد بھی بن جاتے ہیں افسانے اس دنیا میں

دشمن ہو جاتے ہیں اکثر اپنے ہی ہمسائے لوگ

ان کا جور وہی ہے اب تک ان کا طور وہی اب تک

حال ہمارا دیکھ کے اب تو رہبرؔ سب گھبرائے لوگ

بات بھی ان سے کر نہیں آتی (غزل)

بات بھی ان سے کر نہیں آتی

آنکھ بھی اپنی بھر نہیں آتی

موت آتی ہے دہر میں سب کو

عاشقوں کو مگر نہیں آتی

جان تو اپنی آ گئی لب پر

کوئی ان کی خبر نہیں آتی

مے سے بھی غم غلط نہیں ہوتا

طبع اب موج پر نہیں آتی

ناامیدی کی اب یہ صورت ہے

کوئی امید بر نہیں آتی

نامہ بر کی بھی ہو خبر یا رب

کوئی اس کی خبر نہیں آتی

جو دعا سوئے عرش جاتی ہے

ہو کے پھر با اثر نہیں آتی

کس توقع پہ ہم جئیں رہبرؔ

اک تمنا بھی بر نہیں آتی

مزید غزلیں از رہبر جدید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں