رہبر گیاوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرے بارے میں سوچتا بھی ہے (غزل)
میرے بارے میں سوچتا بھی ہے
اور مجھ سے وہ کچھ خفا بھی ہے
مجھ پہ کیا تبصرہ کرے گا تو
میرے بارے میں جانتا بھی ہے
تجھ کو فرعونیت ڈباٸے گی
تجھ کو معلوم ہے خدا بھی ہے
مجھ کو تنہا نہیں سمجھنا تم
ساتھ ماں کی مری دعا بھی ہے
کینسر کا علاج ہے لیکن
شک کی کوئی کہیں دوا بھی ہے
گھر سے نکلوں تو کس طرح نکلوں
صرف بارش نہیں ہوا بھی ہے
محفل میں میں نے غور سے دیکھا تھا دیر تک (غزل)
محفل میں میں نے غور سے دیکھا تھا دیر تک
اک شخص میری آنکھوں میں ٹھہرا تھا دیر تک
پھر یوں ہوا کہ سامنے میرے تھا وہ کھڑا
جس کو تصورات میں سوچا تھا دیر تک
مجھ میں ضرور بات کوئی ہے اسی لئے
محفل میں میرے بعد بھی چرچا تھا دیر تک
اب حال یہ ہوا ہے کوئی پوچھتا نہیں
کوئی ہماری راہ کو تکتا تھا دیر تک
مجھ کو تو یاد آتا نہیں تم ہی کچھ کہو
وہ کون تھا جو پاس میں بیٹھا تھا دیر تک
اچھے معاملات میں ہر سو جہان میں
چرچا ہمارے دیس کا ہوتا تھا دیر تک
رہبرؔ وطن میں چھائی ہے ویرانی آج کیوں
کل تک تو اپنے دیس میں میلہ تھا دیر تک