راحت سلطانہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
شکر رب ہے کہ بس امان میں ہوں (غزل)
شکر رب ہے کہ بس امان میں ہوں
کن دعاؤں کے سائبان میں ہوں
پر ہیں بھیگے ہوئے اڑان میں ہوں
وقت کے سخت امتحان میں ہوں
آج بھی اجنبی ہے ہر اپنا
جب کہ برسوں سے خاندان میں ہوں
پتھروں نے سکون چھین لیا
جب سے میں کانچ کے مکان میں ہوں
کیا جدائی کا اور ہو امکاں
تیرے دل میں ہوں تیری جان میں ہوں
گھر کی تعریف کیا کروں راحت
میں تو مدت سے اک مکان میں ہوں
دل میں رہتا تھا مرے جو کبھی دھڑکن کی طرح (غزل)
دل میں رہتا تھا مرے جو کبھی دھڑکن کی طرح
اب مری آنکھ میں رہتا ہے وہ ساون کی طرح
کون آیا ہے بہاریں لیے میری جانب
میرا احساس مہکنے لگا چندن کی طرح
کسی بچے کی طرح اب بھی مچلتا ہے دل
حال اپنا ہے جوانی میں بھی بچپن کی طرح
میں نے رکھا نہ کبھی بغض و کدورت دل میں
دل مرا صاف ہے شفاف ہے درپن کی طرح
ذہن میں پھیلی ہے افکار کے پھولوں کی مہک
ہے مرا دل یہ مہکتے ہوئے گلشن کی طرح
دل کے دروازے کو ہرگز نہ مقفل کیجے
اس کو وا رکھئے ہمیشہ کسی آنگن کی طرح
اپنے بندوں سے اسے پیار ہے کتنا راحتؔ
دل میں رہتا ہے مرے اپنے ہی مسکن کی طرح
دل کی مٹی (نظم)
دل کی مٹی
ہے بہت زرخیز
آرزو کے
آس کے
تخم میں نے بوئے تھے
ہو گئے سرسبز سارے
آج میں مسرور ہوں
خواب جو دیکھے تھے میں نے
آج پورے ہو گئے
شکر کرتی ہوں خدا کا
آج مجھ کو
سب میسر ہو گیا ہے