راحت سرحدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جا بیٹھے ندی کنارے رات اور میں (غزل)
جا بیٹھے ندی کنارے رات اور میں
دونوں اک دوجے کے سہارے رات اور میں
اک جیسے حالات کے مارے ہیں سارے
رستے پتے چاند ستارے رات اور میں
جاگ کئی دن بعد تجھے ملنے آئے
آج پرانے دوست تمہارے رات اور میں
کچھ گھر دیر سے آنے والوں کے سائے
اور کئی بے در بے چارے رات اور میں
چپ کی تاریکی کے سینے سے لگ کر
سو جائیں گے منظر سارے رات اور میں
خاک اڑاتی خوابیدہ سڑکیں راحتؔ
گلیاں بے رونق چوبارے رات اور میں
بنا کے تلخ حقائق سے پر نکلتی ہے (غزل)
بنا کے تلخ حقائق سے پر نکلتی ہے
چٹان میں بھی اگر ہو خبر نکلتی ہے
مری طرف سے اجازت ہے دیکھ لو خود ہی
کہیں جدائی کی صورت اگر نکلتی ہے
وہ تیرگی ہے کہ خود راہ ڈھونڈنے کے لیے
چراغ ہاتھ میں لے کر سحر نکلتی ہے
غرور اتنا بھی کیا اپنی شان شوکت پر
یہ خوش گمانی تو کٹوا کے سر نکلتی ہے
مرے خیال میں تسخیر شش جہت کے لیے
تری گلی سے کہیں رہ گزر نکلتی ہے
نہ رات سنتی ہے راحتؔ فغان صید یہاں
نہ دھوپ دیکھ کے ظرف شجر نکلتی ہے