پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

راحت نسیم ملک کی غزلیں — Rahat Naseem Malik Ghazals

راحت نسیم ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گھر پہنچ کر دور جاتے راستوں کی سوچنا (غزل)

گھر پہنچ کر دور جاتے راستوں کی سوچنا

تم سے ہو پائے تو میرے فاصلوں کی سوچنا

دن گزر جاتا ہے اندر کا خلا بھرتے ہوئے

شعر لکھنا اور بوجھل فائلوں کی سوچنا

رسمی لفظوں سے چکا کر کاغذوں کے قرض کو

جو نہیں لکھے گئے ایسے خطوں کی سوچنا

دھند میں لپٹے ہوئے شیشے پہ لکھ کر کوئی بات

اپنی بے مطلب پریشاں انگلیوں کی سوچنا

رات بھر محصور لوگوں کی دعائیں مانگنا

پھر ابابیلوں کی ان کے کنکروں کی سوچنا

کھوجتے پھرنا ہوا میں اپنے کھوئے لمس کو

جو کبھی آئے نہیں ان موسموں کی سوچنا

شام کے شعلے سے کیا شمعیں فروزاں ہو گئیں (غزل)

شام کے شعلے سے کیا شمعیں فروزاں ہو گئیں

خواب سی پرچھائیاں بھی جیسے انساں ہو گئیں

درد کی فصلیں ہری رت کو ترستی ہی رہیں

اب کے شاید بے اثر آنکھوں کی جھڑیاں ہو گئیں

وقت کی ریگ رواں میں گم ہوئے کتنے سراب

دل کو اس اندھے سفر پر نکلے صدیاں ہو گئیں

وہ نہیں تو سب نے گہری چپ کی چادر اوڑھ لی

شہر کی ہنستی گذر گاہیں بھی ویراں ہو گئیں

چاند آنکھوں میں اتر کر کچھ عجب دکھ دے گیا

سونی راتیں میری تنہائی کی پہچاں ہو گئیں

سوچ کی رو ذہن کے شیشے میں ڈھلتے ہی نسیمؔ

کتنی تصویریں تھیں جو کاغذ پر عریاں ہو گئیں

ہمیں جوانی میں موت آئے گی (نظم)

ہمیں جوانی میں موت آئے گی

بھیگتے تکیے کے سرد سینے پہ

اپنی سانسوں میں گرم بانہوں کی پیاس لے کر سلگنے والی

ہر ایک دوشیزہ جانتی ہے

کہ آنکھ جب خواب کے صحیفے کو چاٹ لے گی

تو نوح کیپسول سے پکارے گا

پیارے بیٹے، اماں میں آؤ

لو، میں نے جو قبر عمر کے بیلچے سے اپنے لئے بنائی ہے

اس کی رانوں میں

تم بھی اپنا بدن سمیٹو

تمہارے ایک ہاتھ چاند اور دوسرے پہ سورج

کہ مصلحت کی کریز قائم رہے

گلیمر تمہارے کالر میں پھول بن کر کھلے

اے بیٹے، یہ شہر عریانیوں میں نچڑے گا

اور اس پر عذاب دائم ہے

مزید غزلیں از راحت نسیم ملک ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں