رہبر تابانی دریاآبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
معرفت کے لئے آگہی کے لئے (غزل)
معرفت کے لئے آگہی کے لئے
نور حق چاہئے روشنی کے لئے
جی رہے ہیں کسی کی خوشی کے لئے
ورنہ کیا ہے یہاں زندگی کے لئے
آپ اپنا تعارف سر انجمن
کتنا مشکل ہے اک اجنبی کے لئے
دشت غربت میں کچھ اور ممکن نہیں
جگنوؤں کے سوا روشنی کے لئے
رکھ دیے آبشاروں نے دل کھول کر
دشت میں ایک پیاسی ندی کے لئے
وقت کے آگے اس نے بھی رکھ دی سپر
جو تھا مشہور اپنی خودی کے لئے
رہبرؔ اعزاز عہدہ قیادت انا
مسئلہ بن گئے آدمی کے لئے
دوران جنگ ہمت مردانہ چاہئے (غزل)
دوران جنگ ہمت مردانہ چاہئے
ہمت اگر نہیں ہے تو مر جانا چاہئے
یہ کیا کہ بزدلوں کی طرح گفتگو کریں
پیش حریف شان حریفانہ چاہئے
تیرا ہر اعتراض سر آنکھوں پہ ہے مگر
انداز اعتراض شریفانہ چاہئے
زور بیاں نہیں نہ سہی وقت گفتگو
طرز سخن برنگ کلیمانہ چاہئے
پانی میں رہنا ہے تو نہ رکھیں مگر سے بیر
از راہ مصلحت سہی یارانہ چاہئے
بجھتے ہوئے دلوں کو جو تحریک دے سکے
کردار ایسا حوصلہ مندانہ چاہئے
رہبرؔ کسی کی ہم سفری ہو جہاں سے بار
تم کو اسی مقام سے لوٹ آنا چاہئے