پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رفیق الزماں کی غزلیں — Rafiquzzaman Ghazals

رفیق الزماں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

موم کی طرح پگھل کر دیکھو (غزل)

موم کی طرح پگھل کر دیکھو

پھر کڑی دھوپ کا منظر دیکھو

کرب ہی کرب ہے سناٹے کا

جھانک کر تم مرے اندر دیکھو

نیند ان پلکوں سے کترائے گی

آگ ہے وقت کا بستر دیکھو

آ گئے ہو تو مرے شہر میں بھی

آدمی نام کا خنجر دیکھو

کوئی شیشوں کا مسیحا ہی نہیں

دور تک دیکھو تو پتھر دیکھو

سلسلہ موجوں کا جاری ہے یہاں

آؤ آنکھوں میں سمندر دیکھو

کوئی موسم ہو مرے گھر میں رفیقؔ

وہی صحراؤں کا منظر دیکھو

کتنا پوشیدہ ہواؤں کا سفر رکھا گیا (غزل)

کتنا پوشیدہ ہواؤں کا سفر رکھا گیا

آنے والے موسموں سے بے خبر رکھا گیا

آج بھی پھرتا ہوں اس کی جستجو میں ہر طرف

کون سی بستی میں آخر میرا گھر رکھا گیا

چند مبہم خواب آنکھوں میں لیے پھرتا ہوں میں

اور کیا میرے لیے زاد سفر رکھا گیا

دوستوں میں کچھ مری پہچان تو باقی رہے

اس لیے مجھ میں عجب رنگ ہنر رکھا گیا

اس ہتھیلی پر چمکتی ریت کے ذرے ہیں اب

جس ہتھیلی پر کبھی گنج گہر رکھا گیا

نوک نیزہ پر کبھی طشت رعونت میں کبھی

ہر تماشے کے لیے میرا ہی سر رکھا گیا

میرا اپنا خوف ہی کیا کم تھا لیکن اے رفیقؔ

میری اپنی ذات میں کس کس کا ڈر رکھا گیا

مزید غزلیں از رفیق الزماں ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں