پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رفیع الدین راز کی غزلیں — Rafiuddin Raz Ghazals

رفیع الدین راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نہ خطرہ تیرگی سے تھا نہ خطرہ تیرگی کا ہے (غزل)

نہ خطرہ تیرگی سے تھا نہ خطرہ تیرگی کا ہے

در و دیوار پہ پہرا ابھی تک روشنی کا ہے

نہا کر خون میں کانٹوں پہ اکثر رقص کرتا ہوں

یہ مستی بے خودی کی ہے یہ نشہ زندگی کا ہے

ہے آخر کس لیے قزاق غم پیہم تعاقب میں

تصرف میں ہمارے کیا کوئی لمحہ خوشی کا ہے

ملوں کس طور میں خود سے تشخص کس طرح ڈھونڈوں

یہاں تو آئنہ در آئینہ چہرہ اسی کا ہے

یہ سوچا ہے کہ چل کر دوستوں کے در پہ دستک دوں

ارادہ آج اپنے آپ سے کچھ دشمنی کا ہے

مری آنکھوں کو نسبت ہے کسی خورشید پیکر سے

نہ یہ شوخی انا کی ہے نہ یہ پرتو خودی کا ہے

یقیں آثار لمحوں پر جو سچ پوچھو تو راز اب تک

حکومت وہم ہی کی ہے تسلط خواب ہی کا ہے

مہ و خورشید و اختر لکھ رہا ہوں (غزل)

مہ و خورشید و اختر لکھ رہا ہوں

ترے چہرے کا منظر لکھ رہا ہوں

بہت تذلیل آنکھوں کی ہوئی ہے

سو اب ہر غم کو اندر لکھ رہا ہوں

حرارت وقت کی کیسے نہ ہوگی

میں ہر لمحے کو چھو کر لکھ رہا ہوں

غم ہستی میں اپنا قد و قامت

ترے قد کے برابر لکھ رہا ہوں

میں ایسے دور میں زندہ ہوں اب تک

جبھی خود کو سکندر لکھ رہا ہوں

ترا پیکر نظر میں ڈھل رہا ہے

کہ میں حسن گل تر لکھ رہا ہوں

مسلسل دھوپ میں ہے رقص اپنا

کہ بچوں کا مقدر لکھ رہا ہوں

میں اب لگتا ہوں خود کو پورے قد کا

مگر یہ بات جھک کر لکھ رہا ہوں

میں اس انسان سے (نظم)

میں اس انسان سے

واقف ہوں

جس نے

مدینے کی زمین پاک سے

کچھ خاک لا کر

بنائی تھیں

کنھیا کی شبیہیں

رام اور لچھمن کی تصویریں

سر چشم عقیدت

شیو کی مورت تھی

کہیں ارجن کی صورت

جلو میں ان بتوں کے

تھا وہاں

راون کا بھی پیکر

وہ گاگر

جس میں وہ

کچھ آب زم زم

بھر کے لایا تھا

تبرک کی طرح

اس نے ملایا گنگا جل اس میں

دئے پھر غسل اس نے

ان بتوں کو

اسی پانی سے

جس میں روح کی

خوشبو مہکتی تھی

محبت گنگناتی تھی

ہوا پھر یہ

یکایک

سارے ہی بت

جاگ اٹھے

آدمی کا روپ لے کر

پھر اس کے بعد

مری آنکھوں نے دیکھا

کہ اس کی لاش تھی

اور خونی پنجے

دیوتاؤں کے

مزید غزلیں از رفیع الدین راز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں