رفیق خیال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نرم لہجے میں تحمل سے ذرا بات کرو (غزل)
نرم لہجے میں تحمل سے ذرا بات کرو
پھر بصد شوق سر عام مجھے مات کرو
یا نثار آج کرو مجھ پہ تمام اپنے ہنر
یا نظر بند مرے سارے کمالات کرو
میں روایات سے باغی تو نہیں ہوں لیکن
تم سے ممکن ہو تو تبدیل خیالات کرو
ایک مدت سے مرے دل کا نگر ہے ویراں
آؤ اس دشت پہ تم پھولوں کی برسات کرو
فصل اجالوں کی سیہ بخت زمیں اگلے گی
زر نگار اپنے ذرا کشف و کرامات کرو
اس طرح مل کے بچھڑنا تو قیامت ہوگا
مشتعل تم نہ مری جاں مرے جذبات کرو
بے نیازی تو ملا کرتی ہے دنیا سے خیالؔ
تم کسی طور نہ تجدید غم ذات کرو
سناٹا چھا گیا ہے شب غم کی چاپ پر (غزل)
سناٹا چھا گیا ہے شب غم کی چاپ پر
سورج کو تھا یقین بہت اپنے آپ پر
وہ صاعقہ مزاج ہے میں سرد برف سا
حیرت زدہ ہیں لوگ تمام اس ملاپ پر
میں ہوں فسردہ شام کی افسردگی ہے اور
دھندلا سا عکس یار ہے یادوں کی بھاپ پر
میں منزلوں کی جستجو میں تھا برنگ موج
اب رقص کر رہا ہوں محبت کی تھاپ پر
لازم یہ پیش خیمۂ آفات ہے خیالؔ
بے جا جمع نہیں ہیں پرندے الاپ پر
حالات کے کالے بادل نے (نظم)
حالات کے کالے بادل نے
مرے چھت کے چاند کو گھیر لیا
تدبیر ہو ممکن خاک کوئی
کہ باہر رقصاں تاریکی
اور اندر پھیلی تنہائی
دروازے پر دستک دے کر
آلام کی وحشت ہنستی ہے
اور سرگوشی میں کہتی ہے
کہ اب کیسے بچ پاؤ گے
میری تشنہ بے باکی سے
کس سے باتیں کر کے مجھ کو
اب تم دھوکے میں رکھوگے