پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رفیق دہلوی کی غزلیں — Rafique Dehlvi Ghazals

رفیق دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عمر گزری حسرت دیدار میں (غزل)

عمر گزری حسرت دیدار میں

جان تک دے دی خیال یار میں

وہ ہیں جوہر ابروئے خم دار میں

جو نہیں ہیں تیغ میں تلوار میں

حضرت یوسف کی آنکھیں کھل گئیں

بک چکے جب مصر کے بازار میں

آنکھ ملنے کی بھی رکھنی چاہیے

صلح کا پہلو رہے تکرار میں

دین و دنیا کی نہیں ہم کو خبر

محو ہیں ہم تو خیال یار میں

دشت میں جس نے گزاری زندگی

وہ بھلا کیوں کر رہے گلزار میں

ساتھ دل کے روح کھنچتی ہے رفیقؔ

ہے قیامت کی کشش گفتار میں

شرارت بانکپن شوخی حیا کی (غزل)

شرارت بانکپن شوخی حیا کی

کروں توصیف میں کس کس ادا کی

کیا خود فاش تم نے راز الفت

بھری محفل میں جب مجھ سے حیا کی

تصور میں بھی بے پردہ نہ آئے

بھلا کچھ انتہا ہے اس حیا کی

جفا کو بھی کیا بدنام تم نے

خلوص دل سے کب کوئی جفا کی

دیا ہے درد الفت مجھ کو تم نے

زہے قسمت جو یہ نعمت عطا کی

دیا تھا دل تمہیں اپنا سمجھ کر

خطا مجھ سے ہوئی میں نے خطا کی

رفیقؔ اپنا نہیں کوئی جہاں میں

کہا اپنا جسے اس نے دغا کی

مزید غزلیں از رفیق دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں