پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رفیق عثمانی کی غزلیں — Rafiq Usmani Ghazals

رفیق عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی دیکھے تو ذرا کیسی سزا دیتا ہے (غزل)

کوئی دیکھے تو ذرا کیسی سزا دیتا ہے

میرا دشمن مجھے جینے کی دعا دیتا ہے

حاکم وقت بھی حالات سے عاجز آ کر

وقت کے سامنے سر اپنا جھکا دیتا ہے

کیا ہوا تو نے جو غربت میں چھڑایا دامن

ایسے حالات میں ہر کوئی دغا دیتا ہے

لطف آتا نہیں ہو کر بھی شکم سیر تمہیں

ہم غریبوں کو تو فاقہ بھی مزہ دیتا ہے

دور آکاش میں اڑتا ہوا سوکھا پتا

آنے والے کسی طوفاں کا پتا دیتا ہے

ہاتھ پھیلاؤں کسی غیر کے آگے کیوں کر

مجھ کو ہر چیز بنا مانگے خدا دیتا ہے

جس کی آواز کو سن کر میں تڑپ جاتا ہوں

میرے اندر سے مجھے کون صدا دیتا ہے

کوئی منزل پہ نہیں چھوڑتا لے جا کے رفیقؔ

ہر کوئی دور سے بس راہ دکھا دیتا ہے

اس کے منہ کا کڑوا بول بھی کیسا تھا (غزل)

اس کے منہ کا کڑوا بول بھی کیسا تھا

دودھ میں جیسے شہد ملا ہو لگتا تھا

کھلی ہوا میں اڑتے اڑتے مر جانا

قفس میں رہ کر جینے سے تو اچھا تھا

شادی ہو جانے پر بیٹا بھول گیا

بیوہ ماں نے کیسے اس کو پالا تھا

آج میں اس کا ہاتھ پکڑ کر چلتا ہوں

کل جو میری انگلی تھامے چلتا تھا

اب تو اس میں یادوں کا ہے شور بہت

من کا آنگن پہلے کتنا سونا تھا

سوچ رہا تھا آپ مرے گھر میں کیسے

آنکھ کھلی تو سمجھ میں آیا سپنا تھا

دن بھر ہنستا پھرتا تھا جو سڑکوں پر

وہ پاگل تنہائی میں اکثر روتا تھا

سر کو اونچا کر کے جو چلتا تھا رفیقؔ

اصل میں مجھ سے قد میں ذرا وہ چھوٹا تھا

مزید غزلیں از رفیق عثمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں