پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رفیق سراجی کی غزلیں — Rafiq Siraji Ghazals

رفیق سراجی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لمحے بے چینی کے تو نے بھی گزارے ہوں گے (غزل)

لمحے بے چینی کے تو نے بھی گزارے ہوں گے

تیری آنکھوں میں مرے بھی تو نظارے ہوں گے

میری نادار محبت کی شکایت تو نہ کر

تیری نخوت نے کبھی ہاتھ پسارے ہوں گے

بے خودی جانے کہاں مجھ کو لئے پھرتی ہے

کسی بے نام سی منزل کے اشارے ہوں گے

کبھی غرقاب ہوا تھا جو سفینہ میرا

جانتا تھا کہ بہت دور کنارے ہوں گے

کوئی رستے ہوئے زخموں کی دوا بن جائے (غزل)

کوئی رستے ہوئے زخموں کی دوا بن جائے

کوئی بیمار محبت کا خدا بن جائے

کوئی بے سود امیدوں کا سہارا ہووے

کوئی بہتے ہوئے اشکوں کی ردا بن جائے

کوئی پہنچے مری تسکین کا ساماں بن کر

کوئی تڑپی ہوئی آہوں کی صدا بن جائے

کوئی ہمدرد اٹھے مونس و غم خوار بنے

میرے حق میں کوئی پھر دست دعا بن جائے

کوئی ابھرے مرے ہونٹوں پہ سیاہی بن کر

آخری ہچکی بنے وجہ قضا بن جائے

کوئی درماندہ جوانی کو بھی پہنائے کفن

روئے چلائے کہ پر شور فضا بن جائے

ہم کو لے جائے مزاروں کے نگر کوئی رفیقؔ

کوئی بے دست جنازے کا عصا بن جائے

مزید غزلیں از رفیق سراجی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں