پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رفیق سندیلوی کی غزلیں — Rafiq Sandelvi Ghazals

رفیق سندیلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مٹتی ہوئی تہذیب سے نفرت نہ کیا کر (غزل)

مٹتی ہوئی تہذیب سے نفرت نہ کیا کر

چوپال پہ بوڑھوں کی کہانی بھی سنا کر

معلوم ہوا ہے یہ پرندوں کی زبانی

تھم جائے گا طوفان درختوں کو گرا کر

پیتل کے کٹورے بھی نہیں اپنے گھروں میں

خیرات میں چاندی کا تقاضا نہ کیا کر

ممکن ہے گریبانوں میں خنجر بھی چھپے ہوں

تو شہر اماں میں بھی نہ بے خوف پھرا کر

مانگے ہوئے سورج سے تو بہتر ہے اندھیرا

تو میرے لیے اپنے خدا سے نہ دعا کر

تحریر کا یہ آخری رشتہ بھی گیا ٹوٹ

تنہا ہوں میں کتنا ترے مکتوب جلا کر

آتی ہیں اگر رات کو رونے کی صدائیں

ہمسائے کا احوال کبھی پوچھ لیا کر

وہ قحط ضیا ہے کہ مرے شہر کے کچھ لوگ

جگنو کو لیے پھرتے ہیں مٹھی میں دبا کر

کچھ روز میں اس خاک کے پردے میں رہوں گا (غزل)

کچھ روز میں اس خاک کے پردے میں رہوں گا

پھر دور کسی نور کے ہالے میں رہوں گا

رکھوں گا کبھی دھوپ کی چوٹی پہ رہائش

پانی کی طرح ابر کے ٹکڑے میں رہوں گا

یہ شب بھی گزر جائے گی تاروں سے بچھڑ کر

یہ شب بھی میں کہسار کے درے میں رہوں گا

سورج کی طرح موت مرے سر پہ رہے گی

میں شام تلک جان کے خطرے میں رہوں گا

ابھرے گی مرے ذہن کے خلیوں سے نئی شکل

کب تک میں کسی برف کے ملبے میں رہوں گا

کہنہ تر زین بدلی گئی (نظم)

کہنہ تر زین بدلی گئی

پھر نئی نعل بندی ہوئی

اور فرس ہنہنایا

سوار اب سواری پر مجبور تھا

میں اکیلا عزا دار

کتنے یگوں سے

اٹھائے ہوئے

جسم کا تعزیہ

خود ہی اپنے جنم دن پہ مسرور تھا

کپکپاتی چھری

کیک کو وسط تک

چیر کر رک گئی

دل لرزنے لگا

ضعف کی ماری پھونکوں نے

ایک ایک کر کے

بھڑکتی لوؤں کو بجھایا

عزیزوں نے

بچوں نے

تالی بجائی

مبارک مبارک ہوئی

کیک کا ایک ٹکڑا

مرے منہ میں ٹھونسا گیا

نعل کی شکل کا