پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رفیق راز کی غزلیں — Rafiq Raaz Ghazals

رفیق راز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چاندنی رات میں اک بار اسے دیکھا تھا (غزل)

چاندنی رات میں اک بار اسے دیکھا تھا

چاند سے بر سر پیکار اسے دیکھا تھا

مثل خورشید نمودار وہ اب تک نہ ہوا

آخری بار سر غار اسے دیکھا تھا

میں بھلا کیسے بیاں کرتا سراپا اس کا

شب یلدا پس دیوار اسے دیکھا تھا

دل میں اتری ہی نہ تھی روشنی اس منظر کی

اولیں بار تو بے کار اسے دیکھا تھا

لوگ کیوں کوہ و بیاباں میں اسے ڈھونڈتے ہیں

میں نے تو بر سر بازار اسے دیکھا تھا

اس نے کیا رات کو دیکھا تھا یہ معلوم نہیں

میں نے تو نقش بہ دیوار اسے دیکھا تھا

اس کی آنکھوں میں چمک خواب کی یہ کیسی ہے

رات بھر چرخ نے بیدار اسے دیکھا تھا

چند حرفوں نے بہت شور مچا رکھا ہے (غزل)

چند حرفوں نے بہت شور مچا رکھا ہے

یعنی کاغذ پہ کوئی حشر اٹھا رکھا ہے

مجھ کو تو اپنے سوا کچھ نظر آتا ہی نہیں

میں نے دیواروں کو آئینہ بنا رکھا ہے

آپ کے پاؤں تلے سے بھی کھسکتی ہے زمیں

آپ نے کیوں یہ فلک سر پہ اٹھا رکھا ہے

مصحف ذات کی تفسیر ہے یہ گہری چپ

چپ ہی معنی ہے میاں حرف میں کیا رکھا ہے

مجھ پہ تو بھاری نہیں کوئی شب ہجر مجھے

زخموں نے سرو چراغان بنا رکھا ہے

میرا ہر کام قیامت ہی اٹھا دیتا ہے

تو نے ہر کام قیامت پہ اٹھا رکھا ہے

گلشن دل ابھی شاداب ہے پژمردہ نہیں

موسم غم نے اسے کتنا ہرا رکھا ہے

مزید غزلیں از رفیق راز ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں