پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رفیعہ شبنم عابدی کی غزلیں — Rafia Shabnam Abidi Ghazals

رفیعہ شبنم عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بھول جاتے ہیں تقدس کے حسیں پل کتنے (غزل)

بھول جاتے ہیں تقدس کے حسیں پل کتنے

لوگ جذبات میں ہو جاتے ہیں پاگل کتنے

روز خوشبو کے مقدر میں رہی خود سوزی

اپنی ہی آگ میں جلتے رہے صندل کتنے

سبز موسم نہ یہاں پھر سے پلٹ کر آیا

ہو گئے زرد مرے گاؤں کے پیپل کتنے

خود کشی قتل انا ترک تمنا بیراگ

زندگی تیرے نظر آنے لگے حل کتنے

بارشیں ہوتی ہیں جس وقت بھری آنکھوں کی

راکھ ہو جاتے ہیں جلتے ہوئے آنچل کتنے

ہر قدم کوئی درندہ کوئی خونخوار عقاب

شہر کی گود میں آباد ہیں جنگل کتنے

بے رخی اس کی رلائے گی لہو کیا شبنمؔ

زخم کھاتے ہی رہے ہم تو مسلسل کتنے

ایک اک کر کے سبھی لوگ بچھڑ جاتے ہیں (غزل)

ایک اک کر کے سبھی لوگ بچھڑ جاتے ہیں

دل کے جنگل یوں ہی بستے ہیں اجڑ جاتے ہیں

کیسے خوش رنگ ہوں خوش ذائقہ پھل ہوں لیکن

وقت پر چکھے نہیں جائیں تو سڑ جاتے ہیں

اپنے لفظوں کے تأثر کا ذرا دھیان رہے

حاکم شہر کبھی لوگ بھی اڑ جاتے ہیں

ریت تاریخ کے سینے میں ہٹاتے ہیں وہی

آبلے پیاسی زبانوں میں جو پڑ جاتے ہیں

ایسے کچھ ہاتھ بھی ہوتے ہیں کہ جن کے کنگن

توڑنے والے کے احساس میں گڑ جاتے ہیں

شبنمؔ انداز تکلم میں کشش لازم ہے

ورنہ الفاظ سمٹتے ہیں سکڑ جاتے ہیں

تم مرے پاس رہو ساتھ رہو (نظم)

تم مرے پاس رہو ساتھ رہو

اور یہ احساس رہے

میں کہ آزاد ہوں جینے کے لئے

اور زندہ ہوں خود اپنے اندر

اپنی ہی ذات میں تابندہ ہوں

اپنی ہر سانس پہ قبضہ ہے مرا

اپنی پاکیزہ تمناؤں کی تکمیل کا حق ہے مجھ کو

اپنے معصوم سے جذبات کی ترسیل کا حق ہے مجھ کو

یہ زمیں میری بھی یہ دشت و چمن میرے بھی

صرف آنگن ہی نہیں کوہ و دمن میرے بھی

ماہ و انجم بھی مرے نیلا طبق میرا بھی

جتنا ان پر ہے تمہارا وہی حق میرا بھی

شرط بس یہ ہے

کہ تم ساتھ رہو پاس رہو

میری ہر مرضی میں شامل ہو تمہاری مرضی

میری ہر سانس کی شاہد ہوں تمہاری سانسیں

میرے ہر راز کی حاصل ہو تمہاری دھڑکن

اور ہم ایک ہی زنجیر میں پابستہ ہوں

مزید غزلیں از رفیعہ شبنم عابدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں