پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رافعہ زینب کی غزلیں — Rafia Zainab Ghazals

رافعہ زینب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی اتنا بے سہارا کیسے ہو سکتا ہے یار (غزل)

کوئی اتنا بے سہارا کیسے ہو سکتا ہے یار

ایک منظر پر گزارا کیسے ہو سکتا ہے یار

خاک پانی اور صبا کا بھی تو کچھ حصہ رہے

پھول آخر بس تمہارا کیسے ہو سکتا ہے یار

عشق میں ہو وصل یا کے ہجر دونوں ہیں بجا

دل کا سودا ہے خسارہ کیسے ہو سکتا ہے یار

موت سے پہلے کروں توبہ میں یاد یار سے

مجھ سے مجنوں کو گوارہ کیسے ہو سکتا ہے یار

تجھ کو چاہے جو میں اس پر وار دوں دنیا جہاں

اس سے بڑھ کر کوئی پیارا کیسے ہو سکتا ہے یار

اب کہاں وہ وقت کے بے لوث یاری چاہیئے (غزل)

اب کہاں وہ وقت کے بے لوث یاری چاہیئے

عمر کے اس دور میں اب ذمہ داری چاہیئے

وصل‌ و فرقت کے طلسمی دائروں سے ٹوٹ کر

اب رفاقت میں ہمیں کچھ پائیداری چاہیئے

یوں نہیں کے صبر کی تلقین کر کے چل دئے

چارہ گر ہیں تو مسلسل غم گساری چاہیئے

کس قدر ہیں لوگ میرے حال پر ماتم کناں

شکل پر اپنی بھی کچھ تو سوگواری چاہیئے

ہم سفر چننا بھی ہے اک کاروبار زندگی

سو ہمیں عاشق نہیں اک کاروباری چاہیئے

مزید غزلیں از رافعہ زینب ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں