پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

رازؔ الٰہ آبادی کی غزلیں — Raaz Allahabadi Ghazals

رازؔ الٰہ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لذت غم بڑھا دیجئے (غزل)

لذت غم بڑھا دیجئے

آپ پھر مسکرا دیجئے

چاند کب تک گہن میں رہے

اب تو زلفیں ہٹا دیجئے

میرا دامن بہت صاف ہے

کوئی تہمت لگا دیجئے

قیمت دل بتا دیجئے

خاک لے کر اڑا دیجئے

آپ اندھیرے میں کب تک رہیں

پھر کوئی گھر جلا دیجئے

اک سمندر نے آواز دی

مجھ کو پانی پلا دیجئے

آشیاں جل گیا، گلستاں لٹ گیا، ہم قفس سے نکل کر کدھر جائیں گے (غزل)

آشیاں جل گیا، گلستاں لٹ گیا، ہم قفس سے نکل کر کدھر جائیں گے

اتنے مانوس صیاد سے ہو گئے، اب رہائی ملے گی تو مر جائیں گے

اور کچھ دن یہ دستور مے خانہ ہے، تشنہ کامی کے یہ دن گزر جائیں گے

میرے ساقی کو نظریں اٹھانے تو دو، جتنے خالی ہیں سب جام بھر جائیں گے

اے نسیم سحر تجھ کو ان کی قسم، ان سے جا کر نہ کہنا مرا حال غم

اپنے مٹنے کا غم تو نہیں ہے مگر، ڈر یہ ہے ان کے گیسو بکھر جائیں گے

اشک غم لے کے آخر کدھر جائیں ہم، آنسوؤں کی یہاں کوئی قیمت نہیں

آپ ہی اپنا دامن بڑھا دیجیے، ورنہ موتی زمیں پر بکھر جائیں گے

کالے کالے وہ گیسو شکن در شکن، وہ تبسم کا عالم چمن در چمن

کھینچ لی ان کی تصویر دل نے مرے، اب وہ دامن بچا کر کدھر جائیں گے

مزید غزلیں از رازؔ الٰہ آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں