راشد الاسلام انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اتری ہے گھر میں دھوپ غم روزگار کی (غزل)
اتری ہے گھر میں دھوپ غم روزگار کی
دنیا کا ہوش ہے نہ خبر کوئے یار کی
گھر سے نکل کے بستی کو دیکھا نہ آج تک
زینت بنے ہوئے ہیں مگر اشتہار کی
ظالم نہ اس قدر تو غریبوں پہ ظلم کر
بنیاد ہل نہ جائے ترے اقتدار کی
لڑنے چلے ہیں جنگ اندھیروں سے ہم مگر
ہے روشنی ہمارے گھروں میں ادھار کی
ہم نے تو دل نکال کے تحفے میں دے دیا
تم تھے کہ دشمنوں کی روش اختیار کی
ہے لب پہ نعرہ مشرقی تہذیب کا مگر
کردار میں چمک ہے سمندر کے پار کی
مغرور دشمنوں کو یہ پیغام بھیج دو
اس بار جنگ ہوگی مگر آر پار کی
راشدؔ اگر ہیں فکر و عمل اپنے رہنما
کیا فکر ہے سماج میں پھر جیت ہار کی
عزت شہرت عہدے منصب دولت کے انباروں میں (غزل)
عزت شہرت عہدے منصب دولت کے انباروں میں
جو چاہو مل جائے گا وہ دنیا کے بازاروں میں
چاہا تھا یہ راز ہمارے ہم تک ہی محدود رہیں
لیکن اپنا چہرہ بھی اب شامل ہے اخباروں میں
جن کا ایماں کالی دولت جن کا شیوہ ظلم و ستم
ایسے لوگ بھی شامل ہیں اب شہر کے عزت داروں میں
دنیا والے جا پہنچے ہیں چاند ستاروں سے آگے
لیکن ہم اب بھی الجھے ہیں آپس کی دستاروں میں
میرے اندر تنہائی کا جیسے کوئی صحرا ہے
خود کو تنہا پاتا ہوں میں بھیڑ بھرے بازاروں میں
کل تک جن کو گنتے تھے سب بستی کے سالاروں میں
آج انہیں کا ذکر سنا ہے قاتل اور غداروں میں
جس نے مسلسل فاقوں میں بھی ہاتھ نہیں پھیلایا ہے
راشدؔ ایسے مفلس کو تم لکھ دینا خودداروں میں