پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قدرت ناظم کی غزلیں — Qudrat Nazim Ghazals

قدرت ناظم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم کہاں ساز پہ گانے کو غزل کہتے ہیں (غزل)

ہم کہاں ساز پہ گانے کو غزل کہتے ہیں

اپنے دکھ درد بھلانے کو غزل کہتے ہیں

ورنہ بے جان سے لفظوں کی حقیقت کیا ہے

تجھ سے ملنے کے بہانے کو غزل کہتے ہیں

ڈھال کر تجھ کو تخیل کے حسیں پیکر میں

روٹھ جائے تو منانے کو غزل کہتے ہیں

آپ کے دل میں اتر جائے تعجب کیا ہے

ہم تو رگ رگ میں سمانے کو غزل کہتے ہیں

سرد جذبات میں احساس کی چنگاری سے

رات دن آگ لگانے کو غزل کہتے ہیں

سخت چٹان یا سنگلاخ زمیں پر ناظمؔ

پیار کا پھول کھلانے کو غزل کہتے ہیں

دل اداس ہوتا ہے اس قدر اکیلے میں (غزل)

دل اداس ہوتا ہے اس قدر اکیلے میں

نیند بھی نہیں آتی رات بھر اکیلے میں

نام لب پہ آتے ہی دل دھڑکنے لگتا ہے

مل گئے تو کیا ہوگا وہ اگر اکیلے میں

رت حسین تھی لیکن آپ جو نہیں آئے

کیا بتائیں ہم گزری کس قدر اکیلے میں

رات میرے آنگن میں آ کے جب بکھرتی ہے

سونا سونا لگتا ہے اور گھر اکیلے میں

ہم کبھی اندھیرے کے خوف سے نہیں ڈرتے

چاندنی اگر ہوتی ہم سفر اکیلے میں

جانتے ہیں تنہائی ہم کو راس آئے گی

لمحہ لمحہ لگتا ہے پھر بھی ڈر اکیلے میں

گاؤں رات میں ناظمؔ سائیں سائیں کرتا ہے

کون گھر سے نکلے گا جان کر اکیلے میں

مزید غزلیں از قدرت ناظم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں