قمرِعالم قمر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سکون و چین اور آنکھوں کا خواب یعنی تو (غزل)
سکون و چین اور آنکھوں کا خواب یعنی تو
ہزاروں لاکھوں میں اک انتخاب یعنی تو
مصوری میں مصور بھی ہے یہاں حیراں
ہے کس جہان کا حسن و شباب یعنی تو
یہ امتحان محبت کی جستجو کیا ہے
ہر اک سوال کا تنہا جواب یعنی تو
بہار غنچہ خزاں تتلیاں بھی رشک کریں
چمن کے پھول کا کھلتا گلاب یعنی تو
کہے کوئی مجھے مجنوں کوئی دوانہ کہے
ملے ہیں مجھ کو بہت سے خطاب یعنی تو
نہ کوئی لفظ نہ لہجہ نہ ہے کوئی جملہ
کھلی ہوئی ہے مکمل کتاب یعنی تو
قمرؔ کے شعر میں وحدانیت خدا کی ہے
مگر ہے زندگی میں اک سراب یعنی تو
سر تن سے یہ ہو جائے جدا تم کو اس سے کیا (غزل)
سر تن سے یہ ہو جائے جدا تم کو اس سے کیا
کرتا ہی میں رہوں گا وفا تم کو اس سے کیا
تیری زبان پر تو کئی قفل ہیں لگے
ظالم اگر ہو جائے خدا تم کو اس سے کیا
چاہے کسی غریب کا گھر بار جائے جل
اڑتی ہوئی اے کالی گھٹا تم کو اس سے کیا
تم تو خوشی مناؤ اڑاؤ بہت مذاق
کس کس کا ہے مکان جلا تم کو اس سے کیا
دل توڑ دے مروڑ دے الفت میں گر قمرؔ
دے دے کوئی مجھے بھی دغا تم کو اس سے کیا