پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قاضی سید مشتاق نقوی کی غزلیں — Qazi Syed Mushtaq Naqvi Ghazals

قاضی سید مشتاق نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری خزاں ہے رنگ بہاراں لئے ہوئے (غزل)

میری خزاں ہے رنگ بہاراں لئے ہوئے

کنج قفس ہے عکس گلستاں لئے ہوئے

امواج کا سکوت ہے طوفاں لئے ہوئے

ہر رہ گزر ہے حشر کا ساماں لئے ہوئے

جلوؤں کی کائنات ذرا منتشر تو کر

میری نظر ہے دید کا ارماں لئے ہوئے

پھیلی ہوئی ہے مستیٔ دام بہار نو

ہر اک روش ہے کیف کا ساماں لئے ہوئے

تبدیل ہو کے رہ گئی تصویر کائنات

اب اہرمن ہے عظمت یزداں لئے ہوئے

تخلیق حق کو آج بھی جس پر غرور ہے

وہ عظمت بلند ہے انساں لئے ہوئے

داغوں کا اک چمن مرے سینے میں بند ہے

پھرتا ہوں اپنے ساتھ گلستاں لئے ہوئے

زد پر ہے انقلاب کے شیرازۂ حیات

ہر داستاں ہے درد کا عنواں لئے ہوئے

مشتاقؔ وہ نہیں ہیں زمانے میں کامیاب

بیٹھے ہیں جو نصیب کا داماں لئے ہوئے

وابستہ دام ہوش و خرد ہنگامۂ وحشت کرنا ہے (غزل)

وابستہ دام ہوش و خرد ہنگامۂ وحشت کرنا ہے

تعمیر کے رنگیں پھولوں سے تخریب کا دامن بھرنا ہے

پھر عزم تقاضا دینا ہے جذبات شکستہ فطرت کو

ابھرے ہوئے شور طوفاں کی ہر موج کو ساحل کرنا ہے

وہ فطرت ذوق عزم ہی کیا جو غیر پہ تکیہ کر بیٹھے

کس کام کا ایسا جینا ہے کس کام کا ایسا مرنا ہے

طوفان سے ٹکرانے والے اندازۂ طوفاں کیا معنی

اب قوت بازو پر تجھ کو اپنے ہی بھروسہ کرنا ہے

کوشش ہے یہ اپنی شام و سحر ہر شاخ نشیمن ہو جائے

بجلی کے اشارے کہتے ہیں تاراج چمن کو کرنا ہے

وہ عزم نہیں وہ بات نہیں وہ صبح نہیں وہ شام نہیں

مرنے کے لئے جیتے تھے کبھی جینے کے لئے اب مرنا ہے

وابستہ دور رنج و الم ہے راہ محبت کی منزل

مشتاقؔ قدم اس منزل میں اب سوچ سمجھ کر دھرنا ہے

مزید غزلیں از قاضی سید مشتاق نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں