پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قاضی سید محی احفاظ شجیع کی غزلیں — Qazi Syed Muhi Ahfaz Shaji Ghazals

قاضی سید محی احفاظ شجیع کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تم اپنی یادوں کی کہکشاں سے سجا ہوا آسمان بن کر (غزل)

تم اپنی یادوں کی کہکشاں سے سجا ہوا آسمان بن کر

مرے تصور پہ چھا بھی جاؤ محبتوں کا جہان بن کر

گھٹائیں بادل یہ چاند تارے حسین قدرت کے سب نظارے

چمن میں تتلی گگن میں پنچھی اڑے ہیں فطرت کی شان بن کر

اگرچہ طوفان سر اٹھائے زمانہ یوں ہی ہمیں ستائے

ہماری جرأت رہے سلامت کھڑے ہیں ہم تو چٹان بن کر

ہمیں نے سینچا ہے اس چمن کو ہمیں سے اردو کا بانکپن ہے

ہمارے خون جگر کی خوشبو مہک رہی ہے زبان بن کر

فضا میں نغمے محبتوں کے زمیں پہ چرچے صداقتوں کے

کریں گے ماحول ایسا برپا ہم امن کے ترجمان بن کر

یزیدی بیعت کا ذکر چھوڑو حسینی فطرت سے ناطہ جوڑو

تمہیں رہو گے ہمیشہ زندہ جہاں میں حق کا نشان بن کر

عجب زمانہ تھا وہ زمانہ عجب ہے ان کا حسیں فسانہ

وہ جن کے چہروں سے نور برسے رہیں جو سب کی امان بن کر

ہے ماں کے آنچل کی ٹھنڈی چھاؤں تو کیوں نہ اپنی تھکن مٹاؤں

وہ میری ہستی کے گرم صحرا پہ رہتی ہے سائبان بن کر

شجیعؔ الفت کے گیت گاؤ رہ طلب میں یہ جاں لٹاؤ

رہو گے زندہ حکایتوں میں وفا کی تم داستاں بن کر

کھنکتے سکوں کی ارتھی جہاں سے گزری ہے (غزل)

کھنکتے سکوں کی ارتھی جہاں سے گزری ہے

غریبی کاسہ لیے پھر وہاں سے گزری ہے

ہمارے دل کی لگی جب گماں سے گزری ہے

کبھی زمیں تو کبھی آسماں سے گزری ہے

ابھی تو حلقۂ زنجیر پاؤں میں ہے مرے

ابھی صدا مری آہ و فغاں سے گزری ہے

چڑھا کے آگ پہ ہانڈی میں بھوک بچوں کی

تسلی ماں کی بڑے امتحاں سے گزری ہے

لکیر کھینچ دی نفرت کی دو قبیلوں میں

کبھی جو تیغ ہوس درمیاں سے گزری ہے

سجا دئے گئے کانٹے دلوں کے آنگن میں

تعصبات کی دیوی جہاں سے گزری ہے

انہیں ملے گا بھلا کیسے منزلوں کا نشاں

کہ منزلوں کی طلب کارواں سے گزری ہے

رہا شجیعؔ بھی ماں کی دعاؤں کا محتاج

حیات جب بھی کسی امتحاں سے گزری ہے