قاضی خورشید الدین خورشید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہر شخص اسیر غم دوراں نہیں ہوتا (غزل)
ہر شخص اسیر غم دوراں نہیں ہوتا
ہر اہل جنوں چاک گریباں نہیں ہوتا
ہر کنج قفس رشک بہاراں نہیں ہوتا
ہر پھول متاع چمنستاں نہیں ہوتا
کرتے ہیں جو منجدھار سے ساحل کا تماشا
ان کو کبھی اندیشۂ طوفاں نہیں ہوتا
ہر رات کے دامن میں نہیں نور سحر کا
ہر نور سحر کیف بداماں نہیں ہوتا
ہر زخم کو رسنے کی تمنا نہیں ہوتی
ہر درد زبوں کیش نمایاں نہیں ہوتا
ہر غم کے لئے اذن تبسم نہیں لازم
ہر ایک تبسم غم انساں نہیں ہوتا
ہر ذرہ نہیں ہوتا ہے خورشیدؔ کا پرتو
خورشید ہر اک ذرہ بداماں نہیں ہوتا
ہم نے چاہا تھا جنہیں شوق سے ارمانوں سے (غزل)
ہم نے چاہا تھا جنہیں شوق سے ارمانوں سے
وہ بہاریں نہیں وابستہ گلستانوں سے
عظمت فطرت ادراک بدل جاتی ہے
کام بگڑے ہوئے بن جاتے ہیں دیوانوں سے
قہقہے درد کی تمہید بھی ہو سکتے ہیں
بجلیاں بھی کبھی ٹکراتی ہیں کاشانوں سے
موت ان کے لئے پیغام بقا ہوتی ہے
کھیل جاتے ہیں جو بے ساختہ طوفانوں سے
کس قدر پست ہوا فطرت آدم کا وقار
آج انسان لرز اٹھتا ہے انسانوں سے
اور بڑھ جاتا ہے انداز جنوں کا عالم
جب بھی دیوانے الجھتے ہیں گریبانوں سے
مے کشی نام ہے پینے کا نگاہوں سے مدام
ہم نے پینا نہیں سیکھا کبھی پیمانوں سے
کس قدر فطرت بے باک کی خو بدلی ہے
عزم محمود لرزتا ہے صنم خانوں سے
ہم رہے دہر میں آزردۂ ساحل خورشیدؔ
ناخدا سے کبھی الجھے کبھی طوفانوں سے