پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قیوم نظر کی غزلیں — Qayyum Nazar Ghazals

قیوم نظر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ماتھے پر ٹیکا صندل کا اب دل کے کارن رہتا ہے (غزل)

ماتھے پر ٹیکا صندل کا اب دل کے کارن رہتا ہے

مندر میں مسجد بنتی ہے مسجد میں برہمن رہتا ہے

ذرہ میں سورج اور سورج میں ذرہ روشن رہتا ہے

اب من میں ساجن رہتے ہیں اور ساجن میں من رہتا ہے

رت بیت چکی ہے برکھا کی اور پریت کے مارے رہتے ہیں

روتے ہیں رونے والوں کی آنکھوں میں ساون رہتا ہے

اک آہ نشانی جینے کی رہتی تھی مگر جب وہ بھی نہیں

کیوں دکھ کی مالا جپنے کو یہ تنکا سا تن رہتا ہے

اے مجھ پر ہنسنے اور کسی کو دیکھنے والے یہ تو کہو

یوں کب تک جان پہ بنتی ہے یوں کب تک جوبن رہتا ہے

دل توڑ کے جانے والے سن دو اور بھی رشتے باقی ہیں

اک سانس کی ڈوری اٹکی ہے اک پریم کا بندھن رہتا ہے

تیری نگہ سے تجھ کو خبر ہے کہ کیا ہوا (غزل)

تیری نگہ سے تجھ کو خبر ہے کہ کیا ہوا

دل زندگی سے بار دگر آشنا ہوا

اک اک قدم پہ اس کے ہوا سجدہ ریز میں

گزرا تھا جس جہاں کو کبھی روندتا ہوا

دیکھا تجھے تو آرزوؤں کا ہجوم تھا

پایا تجھے تو کچھ نہ تھا باقی رہا ہوا

دشت جنوں میں ریگ رواں سے خبر ملی

پھرتا رہا ہے تو بھی مجھے ڈھونڈھتا ہوا

احساس نو نے زیست کا نقشہ بدل دیا

محرومیوں کا یوں تو چمن ہے کھلا ہوا

چمکا ہے بن کے سرو چراغاں تمام عمر

کیا آنسوؤں کا تار تھا تجھ سے بندھا ہوا

بکھرے ہیں زندگی کے کچھ اس طرح تار و پود

ہر ذرہ اپنے آپ میں محشر نما ہوا

پوچھو تو ایک ایک ہے تنہا سلگ رہا

دیکھو تو شہر شہر ہے میلہ لگا ہوا

پردہ اٹھا سکو تو جگر تک گداز ہے

چاہو کہ خود ہو یوں تو ہے پتھر پڑا ہوا

انسان دوستی کے تقاضوں کا سلسلہ

انسان دشمنی کی حدوں سے ملا ہوا

اقدار کے فریب میں اب آ چکا نظرؔ

کشتی ڈبو گیا جو خدا، ناخدا ہوا

بلبل کا بچہ (نظم)

بلبل کا بچہ

کھاتا تھا کھچڑی

پتا تھا پانی

گاتا تھا گانے

میرے سرہانے

اک دن اکیلا

بیٹھا ہوا تھا

میں نے اڑایا

واپس نہ آیا

مزید غزلیں از قیوم نظر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں