پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قیوم طاہر کی غزلیں — Qayyum Tahir Ghazals

قیوم طاہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق اور عشق کے آداب کا کیا کرنا ہے (غزل)

عشق اور عشق کے آداب کا کیا کرنا ہے

تو نہیں ہے تو کسی خواب کا کیا کرنا ہے

جب ترا نام مرے نام کے ساتھ آیا نہیں

حرف کا لفظ کا اعراب کا کیا کرنا ہے

اب سمندر ہے نہ پر ہیں نہ شب چار دہم

اب تری آنکھ کے مہتاب کا کیا کرنا ہے

اک یہی چادر ہجراں مجھے دے کر اس نے

کہہ کے رخصت کیا اسباب کا کیا کرنا ہے

کترنیں رنج کی سانسوں میں گرہ ڈالتی ہیں

اب کسی ریشم و کمخواب کا کیا کرنا ہے

آسماں چشم برابر بھی نہ تارا کوئی

اب بتا روزن خوش تاب کا کیا کرنا ہے

ایک نشتر سا رگ جاں میں اترنے دینا (غزل)

ایک نشتر سا رگ جاں میں اترنے دینا

زندہ رہنا ہے تو زخموں کو نہ بھرنے دینا

اور کچھ دیر نہ اے تیز ہواؤ تھمنا

جتنے بوسیدہ ہیں صفحات بکھرنے دینا

تیری پہچان کی اک قوس الگ بن جائے

اپنے لہجے کو ذرا اور سنورنے دینا

چھو کے دیکھیں گے تو پھر ان سے بھی نفرت ہوگی

آسمانوں کو زمیں پر نہ اترنے دینا

میری بینائی کے سب دیپ بجھا کر جانا

سانحے سارے مری جان گزرنے دینا

دیکھنا خواب زمینیں نہ ہوں بنجر قیومؔ

اپنا یہ درد یہ آشوب نہ مرنے دینا

مزید غزلیں از قیوم طاہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں