قائم چاندپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل پا کے اس کی زلف میں آرام رہ گیا (غزل)
دل پا کے اس کی زلف میں آرام رہ گیا
درویش جس جگہ کہ ہوئی شام رہ گیا
جھگڑے میں ہم مبادی کے یاں تک پھنسے کہ آہ
مقصود تھا جو اپنے تئیں کام رہ گیا
ناپختگی کا اپنی سبب اس ثمر سے پوچھ
جلدی سے باغباں کی وہ جو خام رہ گیا
صیاد تو تو جا ہے پر اس کی بھی کچھ خبر
جو مرغ ناتواں کہ تہ دام رہ گیا
قسمت تو دیکھ ٹوٹی ہے جا کر کہاں کمند
کچھ دور اپنے ہاتھ سے جب بام رہ گیا
ماریں ہیں ہم نگین سلیماں کو پشت دست
جب مٹ گیا نشان تو گو نام رہ گیا
نے تجھ پہ وہ بہار رہی اور نہ یاں وہ دل
کہنے کو نیک و بد کے اک الزام رہ گیا
موقوف کچھ کمال پہ یاں کام دل نہیں
مجھ کو ہی دیکھ لینا کہ ناکام رہ گیا
قائمؔ گئے سب اس کی زباں سے جو تھے رفیق
اک بے حیا میں کھانے کو دشنام رہ گیا
چاہیں ہیں یہ ہم بھی کہ رہے پاک محبت (غزل)
چاہیں ہیں یہ ہم بھی کہ رہے پاک محبت
پر جس میں یہ دوری ہو وہ کیا خاک محبت
آ عشق اگر قصد تجارت ہے کہ اس جا
ہیں تودہ ہر اک گھر دو سہ افلاک محبت
ناصح تو عبث سی کے نہ رسوا ہو کہ ظالم
رکھتا ہے گریباں سے مرے چاک محبت
اپنے تو لئے زہر کی تاثیر تھی اس میں
گو واسطے عالم کے ہو تریاک محبت
بلبل تو ہوں قائمؔ میں پر اس باغ کا جس میں
بے رتبہ ہے مثل خس و خاشاک محبت