پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قائم نقوی کی غزلیں — Qayem Naqvi Ghazals

قائم نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھلی کھڑکی سے دن بھر جھانکتا ہوں (غزل)

کھلی کھڑکی سے دن بھر جھانکتا ہوں

میں ہر چہرے میں تجھ کو ڈھونڈھتا ہوں

تجھے میں کس طرح پہچان پاؤں

کہ اپنے آپ سے نا آشنا ہوں

جہاں انسان پتھر ہو چکے ہیں

میں اس بستی میں کیسے جی رہا ہوں

جہاں سے کل مجھے کاٹا گیا تھا

وہیں سے آج میں پھر اگ رہا ہوں

میں اس سنگین سناٹے میں قائمؔ

کسی طوفاں کی آہٹ سن رہا ہوں

کیا کوئی دے سکے پتہ میرا (غزل)

کیا کوئی دے سکے پتہ میرا

بھید مجھ پر بھی کب کھلا میرا

آنکھ کی لو میں ہے ضمیر کی لو

مجھ میں زندہ ہے رہنما میرا

خاک ہو کر روش روش لکھوں

جانے کس سمت ہو خدا میرا

گا رہا ہوں میں وقت کی لے پر

لمحہ لمحہ ہے آشنا میرا

ریزہ ریزہ ہوئے ہیں خواب مرے

پھر بھی قائم ہے حوصلہ میرا

کس قدر خموشی ہے (نظم)

کس قدر خموشی ہے

کس قدر ہے سناٹا

رات بھر کی بارش بھی

اب تھکی تھکی سی ہے

آسماں پہ رنگوں کی

ایک رہ گزر سی ہے

اب کسی کے آنے میں

کچھ ہی دیر باقی ہے

مزید غزلیں از قائم نقوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں