پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قیام الدین قیام کی غزلیں — Qayamuddin Qayam Ghazals

قیام الدین قیام کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ملے خیرات میں پانی کا اک قطرہ نہیں لیتے (غزل)

ملے خیرات میں پانی کا اک قطرہ نہیں لیتے

ہم اپنی ضد پہ آ جائیں تو پھر دریا نہیں لیتے

کل ان ہاتھوں سے ہم نے درہم و دینار بانٹے تھے

اب ان ہاتھوں سے ہم پھینکا ہوا سکہ نہیں لیتے

تمہارے ظلم کی ہر اک کہانی یاد رکھی ہے

یہ کس نے کہہ دیا تم سے کہ ہم بدلا نہیں لیتے

دعا دل سے نکلتی ہے تو چاندی ڈال دیتا ہے (غزل)

دعا دل سے نکلتی ہے تو چاندی ڈال دیتا ہے

خدا چاہے تو ہر سیپی میں موتی ڈال دیتا ہے

رفاقت چاہیئے تو دوستوں سے قرض مت لینا

یہ روپیہ بھائی چارے میں برائی ڈال دیتا ہے

نہ جانے روشنی سے راہبر کو کیا عداوت ہے

چمکتی چیز ملتی ہے تو مٹی ڈال دیتا ہے

یہ کیا کم ہے کہ اپنا رہنما دو دن کے فاقوں سے

کوئی بے ہوش ہو جائے تو پانی ڈال دیتا ہے

قیامؔ ناتواں یوں تو بہت دریا سے ڈرتا ہے

مگر سفاک لہریں ہوں تو کشتی ڈال دیتا ہے

مزید غزلیں از قیام الدین قیام ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں