پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قوی ٹونکی کی غزلیں — Qavi Tonki Ghazals

قوی ٹونکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل میں یوں جلتے ہیں یادوں کے سہاروں کے چراغ (غزل)

دل میں یوں جلتے ہیں یادوں کے سہاروں کے چراغ

جیسے روشن ہوں سر شام ستاروں کے چراغ

ابھی جاؤ شب فرقت کا اجالا بن کر

اب تو مدھم ہوئے جاتے ہیں ستاروں کے چراغ

شب تاریک سے اے قافلے والو نہ ڈرو

ہیں مرے نقش قدم راہ گزاروں کے چراغ

کس جگہ ہائے سر شام سفینہ ڈوبا

جب بہت پاس نظر آئے کناروں کے چراغ

یوں پتہ دیتے ہیں منزل کا ترے نقش قدم

جیسے بھٹکے ہوئے راہی کو دیاروں کے چراغ

گر یہی ہے روش اہل گلستاں تو قویؔ

جل سکیں گے نہ گلستاں میں بہاروں کے چراغ

یوں دمکتے چہرے پر ریشمین آنچل ہے (غزل)

یوں دمکتے چہرے پر ریشمین آنچل ہے

جیسے چاند پر کوئی نرم نرم بادل ہے

آپ بھی نہیں آئے موت بھی نہیں آئی

زندگی کا افسانہ کب سے نامکمل ہے

میکدے کا اے ساقی کیا یہی ہے سرمایہ

چند ٹوٹے پیمانے اک شکستہ بوتل ہے

امن کے بہانے سے ہر طرف ہے خوں ریزی

امن گہہ نہیں دنیا پر فریب مقتل ہے

لوگ پھر سمجھ لیتے واقعی ہے دیوانہ

آپ بھی جو کہہ دیتے یہ کوئی تو پاگل ہے

مزید غزلیں از قوی ٹونکی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں