قوس صدیقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ آئینہ ہے آئینہ تماشہ ہو نہیں سکتا (غزل)
یہ آئینہ ہے آئینہ تماشہ ہو نہیں سکتا
جسے سچ بولنا آتا ہو رسوا ہو نہیں سکتا
بہت مشکل سے تحریکیں کبھی تاریخ بنتی ہیں
کسی پتھر کا نقش و نام کتبہ ہو نہیں سکتا
خدا موجود ہے اس میں یہ میری ماں کا آنچل ہے
یہ عرش آفریں کچھ ہو شکستہ ہو نہیں سکتا
مجھے مجبور مت کرنا میری مجبوریاں بھی ہیں
میں تیرا دوست ہوں پر تیرے جیسا ہو نہیں سکتا
کسی سادہ ورق پر بھی کوئی خط کھینچ لیتا ہے
یہ بندہ فطرتاً اے قوسؔ تنہا ہو نہیں سکتا
کوئی دیتا ہے کسی کو بھی تو کیا دیتا ہے (غزل)
کوئی دیتا ہے کسی کو بھی تو کیا دیتا ہے
دست احسان کو میزان پہ لا دیتا ہے
کوئی تو سنگ لب راہ سا مونس ٹھہرے
راہ کا موڑ جو چپکے سے بتا دیتا ہے
شہر گم گشتہ کا وہ کتبہ جو ہے گرد آلود
ہر مسافر اسے جینے کی دعا دیتا ہے
یہ مرا عہد ہے تاویل سکونت دے کر
گھر کے دروازے کو دیوار بنا دیتا ہے
قوسؔ بے سود نہیں جاتا ہے پانی کا لہو
یہ ٹپکتا ہے تو رنگین فضا دیتا ہے