قاسم یعقوب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تجھے چھو کر بھی مری روح میں شدت نہیں ہے (غزل)
تجھے چھو کر بھی مری روح میں شدت نہیں ہے
دل لگی سی ہے یہ دراصل محبت نہیں ہے
اپنے اندر ہی گھٹا رہنے لگا ہوں اب تو
تیرے غم میں ابھی رونے کی نزاکت نہیں ہے
میرے جذبوں میں مری روح کی پاکیزگی ہے
جو بھی لکھتا ہوں مجھے اس کی ملامت نہیں ہے
در امکان کی دستک مجھے بھیجی گئی ہے
میری قسمت میں تو موجود کی دولت نہیں ہے
ایک سرشار اذیت میں گرفتار ہوں میں
مگر افسوس کہ یہ تیری بدولت نہیں ہے
میرے اندر کوئی کہرام مچا رہتا ہے
اے زمانے تجھے سننے کی ضرورت نہیں ہے
میں مطمئن نہ تھا کردار سے کہانی میں (غزل)
میں مطمئن نہ تھا کردار سے کہانی میں
سو اپنی عمر گزرنے دی رائیگانی میں
بلاد حال سجایا ہے کوئے رفتہ میں
میں اپنے پیش رؤں کی ہوں ترجمانی میں
یہ کیا کہ بیٹھا ہے دریا کنار دریا پر
میں آج بہتا ہوا جا رہا ہوں پانی میں
ہاں آخرش ابد اشتراک خاک ملا
گو ہم رہے سفر آسمان فانی میں
یہ شعر زر سخن بے اثر کی مرقد ہے
سو کیسے سوز اجاگر ہو نغمہ خوانی میں
میں جب تخلیق کا جگنو پکڑتا ہوں (نظم)
میں جب تخلیق کا جگنو پکڑتا ہوں
میں جب اندر اندھیرے میں
گندھی مٹی کا پانی
روشنی کی بوند کی خواہش جگاتا ہے
کیمیائی خواب کتنے اہتمام انگیز ہوتے ہیں
بھٹکتی خوشبوؤں کو جمع کرتے ہیں
پہاڑوں پر پڑی بینائیوں کی وسعتوں کو
جوڑ کر ترتیب سے رکھتے ہیں
اور آنکھیں بناتے ہیں
پھر ان میں آنسوؤں کی فصل اگاتے ہیں
مجھے بارش بتاتی ہے
کہ ماتھے سے پسینہ بہہ رہا ہے
تھوک منہ بھر کے نکلنے سے
اپاہج حرکتوں کا زنگ اترتا ہے
اذیت سہنے کی لذت مرے اندر اترتی ہے
میں بستر پر سکڑتا ہوں
نئی اک نظم لکھتا ہوں