قاسم یاس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پیار کی راہ میں آتے رہے الجھاؤ بہت (غزل)
پیار کی راہ میں آتے رہے الجھاؤ بہت
اس نے ٹھکرائے مرے دل کے پرستاؤ بہت
چوٹ پر چوٹ لگی اور بڑھے گھاؤ بہت
جسم میں ہو گیا اب درد کا پھیلاؤ بہت
میں کسی روز تو نکلوں گا اجالا بن کر
دوج کے چاند کو اب اور نہ گہناؤ بہت
دن میں جن لوگوں کو گلدستے دئے تھے ہم نے
رات بھر گھر پہ وہ کرتے رہے پتھراؤ بہت
میں جو ڈوبا تو کئی ڈوب کے رہ جائیں گے
ناخدا دیکھ شکستہ ہے مری ناؤ بہت
آگے بڑھنے کی کوئی راہ نکالی جائے
یاسؔ اب ہو بھی چکا سوچ کا ٹھکراؤ بہت
چھٹ کے اوپر روشنی پھیلا گیا (غزل)
چھٹ کے اوپر روشنی پھیلا گیا
کوئی دھانی اوڑھنی لہرا گیا
دو گھڑی بیٹھے تھے جس کی چھاؤں میں
سر اسی دیوار سے ٹکرا گیا
جھونپڑا پٹی تھی اسٹیشن کے پاس
ایک لڑکی پر مرا دل آ گیا
ناچتا پھرتا ہے مہنگائی کا بھوت
دیکھ کر بازار دل گھبرا گیا
شاعری کی فلم کا ویلن تھا میں
آخری کے سین میں مارا گیا
یاسؔ صاحب سچ بتاؤ دل کی بات
آپ کو یہ شہر کیسے بھا گیا