قاسم شبیر نقوی نصیر آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب نہ سوچیں گے کہ اس دہر میں انساں ہیں بہت (غزل)
اب نہ سوچیں گے کہ اس دہر میں انساں ہیں بہت
ہم تو ممنون ترے گردش دوراں ہیں بہت
غم ہے معیار جنوں شوق کے ساماں ہیں بہت
چاک دامن ہیں بہت چاک گریباں ہیں بہت
دل دھڑکتا ہے تو آواز سی آ جاتی ہے
واقعی آپ تو نزدیک رگ جاں ہیں بہت
مجھ کو آتا نہیں محروم تمنا ہونا
دل سلامت ہے تو دل میں ابھی ارماں ہیں بہت
زندگی غم کے اندھیروں میں گھٹی جاتی ہے
رات ہے ایک مگر خواب پریشاں ہیں بہت
مانع فطرت آزاد چمن ہے نہ قفس
حوصلہ چاہیے پرواز کے امکاں ہیں بہت
جذب تعمیر تو محدود گلستاں ہی نہیں
گل کھلانے ہیں تو ویران بیاباں ہیں بہت
زندہ رہنا بھی ہے فن جان کا دینا بھی ہے فن
ورنہ یوں زندگی و موت کے عنواں ہیں بہت
زندگی کا کوئی غم اب نہیں ہوتا محسوس
دل قاسمؔ پہ ترے درد کے احساں ہیں بہت
مزید غزلیں از قاسم شبیر نقوی نصیر آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں