پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قاسم صبا کی غزلیں — Qasim Saba Ghazals

قاسم صبا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا جانے وہ اچھا کہ برا کرتے رہے ہیں (غزل)

کیا جانے وہ اچھا کہ برا کرتے رہے ہیں

جو میرے لئے روز دعا کرتے رہے ہیں

بخشی ہے جہالت نے انہیں راہنمائی

جو لوگ یہاں جرم و خطا کرتے رہے ہیں

ہونٹوں پہ میرے رہتی ہے تعریف بس ان کی

وہ ہیں کہ سدا شکوہ گلہ کرتے رہے ہیں

اک روز صلہ اس کا ملے گا انہیں یارو

عزت جو بزرگوں کی صدا کرتے رہے ہیں

سورج کو یہ اندازہ صباؔ ہو نہیں سکتا

ہم شمع کے مانند ضیا کرتے رہے ہیں

بحر غم میں غوطہ زن ہیں کیسی کیسی ہستیاں (غزل)

بحر غم میں غوطہ زن ہیں کیسی کیسی ہستیاں

درد ساحل پہ ہی کیوں تم لے رہے ہو سسکیاں

ریت کے کچے گھروندے بہہ گئے تو فکر کیا

ایک دن سیلاب لے جائے گا ساری بستیاں

ایک دن پھولوں کی لالی تک چرا لے جائیں گی

اس چمن کی مختلف رنگوں کی اڑتی تتلیاں

ایک جانب میکدہ ہے اک طرف ہے خانقاہ

دیکھیے جاتی کدھر ہیں صوفیوں کی ٹولیاں

پہلے مجھ پہ ایک وہی انگلی اٹھاتا تھا صباؔ

اور اب تو بے شمار اٹھتی ہیں مجھ پہ انگلیاں

مزید غزلیں از قاسم صبا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں