پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قاسم رحمان کی غزلیں — Qasim Rehman Ghazals

قاسم رحمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لفظوں کا انجام ہے کامل سناٹا (غزل)

لفظوں کا انجام ہے کامل سناٹا

گویا ہوگا آن مقابل سناٹا

تیرے بعد بھی عمر ہماری خوب کٹی

سگریٹ کمرا یاد رسائل سناٹا

خواب ذرا سا پہروں خون رلاتا ہے

لڑکا لڑکی دریا ساحل سناٹا

مجھ سے تنہائی میں باتیں کرتے ہیں

البم رات خطوں کی فائل سناٹا

کتنی پر کیف زندگی ہے ابھی (غزل)

کتنی پر کیف زندگی ہے ابھی

تیری تصویر بولتی ہے ابھی

خون روتی ہے صبح افسردہ

اک ستارے نے جان دی ہے ابھی

تو ہے چپ اور ترا بدن خاموش

رات گویا نہیں ہوئی ہے ابھی

رفتہ رفتہ بنے گی حکم یہی

جو گزارش نئی نئی ہے ابھی

چاندنی ہجر خامشی خوشبو

کیا عذابوں میں کچھ کمی ہے ابھی

ہاں جلا اپنی آگہی کے چراغ

شہر محروم روشنی ہے ابھی

میرے دادا کہتے تھے (نظم)

میرے دادا کہتے تھے

اپنے باپ کے کاندھے پر

ہم میلے گھوما کرتے تھے

پھر میلے ٹھیلے ختم ہوئے

ہم بڑے ہوئے

تب آپ کے ابو ساتھ ہمارے

فلمیں دیکھا کرتے تھے

اور گود میں بیٹھا کرتے تھے

اب امی ابو

شام کو اکثر

شاپنگ کرنے جاتے ہیں

رات گئے تک آتے ہیں

اور میں

اپنے کمرے میں تنہا

ٹی وی دیکھا کرتا ہوں

مزید غزلیں از قاسم رحمان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں