قاسم رسا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کنارے ٹوٹ جاتے ہیں (غزل)
کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کنارے ٹوٹ جاتے ہیں
کرو جن پر بھروسہ وہ سہارے ٹوٹ جاتے ہیں
کبھی مہنگائی ڈستی ہے کبھی ترچھی نظر ان کی
ہمارے حوصلے از خود ہی سارے ٹوٹ جاتے ہیں
یہ اپنی اپنی قسمت ہے مقدر ہے ہر اک شے کا
نظر سے جو اتر جاتے ہیں تارے ٹوٹ جاتے ہیں
یقیں کیسے کروں اپنے ارادوں پر رساؔ صاحب
ارادے جب بھی کرتا ہوں وہ سارے ٹوٹ جاتے ہیں
میں گنہ گار اگر ہوں تو سزا دی جائے (غزل)
میں گنہ گار اگر ہوں تو سزا دی جائے
ورنہ لوگو مجھے پھر داد وفا دی جائے
تم مجھے چاہتے ہو چاہتے ہو تو صاحب
کیوں نہ یہ بات زمانہ کو بتا دی جائے
ایک چنگاری بدل دے کہیں جنگل کا مزاج
اس سے پہلے ہی تہ خاک دبا دی جائے
جو نہ روٹھے اسے چھاتی سے لگانا بہتر
روٹھنے والے کو ہنسنے کی دعا دی جائے
شام دھندلائی ہوئی اور بھیانک جنگل
ایسے ماحول میں اب کس کو صدا دی جائے
گر کوئی رسم بری ہے تو گوارا کیونکر
ہر بری رسم زمانے سے ہٹا دی جائے
تو حوا بھی ہے مریم بھی (نظم)
تو حوا بھی ہے مریم بھی
تو ہی سیتا تو ہی رادھا
خدیجہ بھی ہے تو
اور فاطمہؓ بھی ہے
تو ہی رضیہ ہے
لکشمی بائی بھی تو ہے
ہزاروں روپ ہیں تیرے
ہزاروں کل میں تو نے ہی
کبھی اوتار جنمے ہیں
کبھی ہادی کبھی رہبر زمانے کو دئے تو نے
ترے ہی حسن کا چرچا زمیں سے آسماں تک ہے
محافظ بھی ہے اور جننی بھی ہے
تہذیب کی
اخلاق کی
بھاشا کی
ممتا کی
ترے فکر و عمل کی کار فرمائی نرالی ہے زمانے میں
تو عورت ہے مگر کیا شان والی ہے زمانے میں