قاسم نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہاں تو روز ستارا نیا چمکتا ہے (غزل)
وہاں تو روز ستارا نیا چمکتا ہے
یہاں بس ایک ہی جگنو ہے جو سسکتا ہے
اسے تو وقت نے خاموشیاں ہی بخشی ہیں
جو اپنی راہ بدلتا ہے اور بھٹکتا ہے
وہ ایک جھوٹ تھا جو روشنی میں آ پہنچا
یہ ایک سچ ہے اندھیروں میں جو بھٹکتا ہے
تو کس خیال میں کس سوچ میں ہے فکر نہ کر
کہ میرا زخم ترا ظلم چھپ تو سکتا ہے
لگا لیے ہیں جو میں نے بھی موسمی چہرے
تو میرے گھر میں بھی سورج سا اک چمکتا ہے
نیازیؔ آج اس آتش بدن کی یاد آئی
کہ جس کے نام سے شعلہ سا اک لپکتا ہے
جب بھی یہ گردن جھکا لی جائے گی (غزل)
جب بھی یہ گردن جھکا لی جائے گی
آپ کی ہر بات خالی جائے گی
میری طرز دوستانہ کے خلاف
کچھ نہ کچھ خامی نکالی جائے گی
مفلسی کو اس سے کیا مطلب کہ کب
عید آئے گی دیوالی جائے گی
باندھئے مضمون سنجیدہ تو پھر
آپ کی نازک خیالی جائے گی
جب قسم سے مسئلے ہوتے ہیں طے
اک قسم ہر بار کھا لی جائے گی
کیجئے ہر ایک ڈالی کا بچاؤ
ورنہ پھر اک ایک ڈالی جائے گی
اے نیازیؔ سچ کہاں ہوگا کہ جب
مصلحت لب پہ سجا لی جائے گی