پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قاسم جلال کی غزلیں — Qasim Jalal Ghazals

قاسم جلال کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

وہ اگر ہم خیال ہو جائیں (غزل)

وہ اگر ہم خیال ہو جائیں

ختم سارے ملال ہو جائیں

وہ ہوں آمادۂ جواب اگر

ہم سراپا سوال ہو جائیں

شہر والوں کا ہے خدا حافظ

چور جب کوتوال ہو جائیں

ہے جدائی خدا کی اک نعمت

قربتیں جب وبال ہو جائیں

ہاتھ سے آس کا عصا نہ گرے

حوصلے جب نڈھال ہو جائیں

ہو اگر آپ کی نگاہ کرم

بے ہنر با کمال ہو جائیں

آؤ نکلیں انا کے خول سے اب

رابطے پھر بحال ہو جائیں

حوصلہ ہار دوں جلالؔ اگر

کام سارے محال ہو جائیں

بانیٔ شہر ستم مظلوم کیسے ہو گیا (غزل)

بانیٔ شہر ستم مظلوم کیسے ہو گیا

کل جو مجرم تھا وہ اب معصوم کیسے ہو گیا

محتسب سچ سچ بتا خلوت میں کیا سودا ہوا

مدعی انصاف سے محروم کیسے ہو گیا

طائر آزاد زیر دام کیسے آ گیا

وہ خیال‌ منتشر منظوم کیسے ہو گیا

کیوں شرافت کو حماقت کا دیا لوگوں نے نام

فتنۂ شر خیر سے موسوم کیسے ہو گیا

کس طرح اہل جنوں اہل خرد سمجھے گئے

عقل کا دیوانگی مفہوم کیسے ہو گیا

مجھ سے ملنا تو تجھے مشکل تھا اے مطلب کے یار

اب مرے گھر کا پتہ معلوم کیسے ہو گیا

کیا ہیں اسباب زوال مسلم آشفتہ حال

کل جو حاکم تھا وہ اب محکوم کیسے ہو گیا

جو یہ کہتا تھا کہ میں ہوں اک نشان لا زوال

نقش فانی کی طرح معدوم کیسے ہو گیا

بول اے تائب مٹا نقش سویدا کس طرح

لوح دل پر لفظ حق مرقوم کیسے ہو گیا

قوم کا قاعد ہے وہ جو اس کا خدمت گار ہے

جس نے خدمت ہی نہ کی مخدوم کیسے ہو گیا

بھر دیئے اوہام کس نے ذہن ملت میں جلالؔ

چشمۂ آب بقا مسموم کیسے ہو گیا