پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قاسم حیات کی غزلیں — Qasim Hayat Ghazals

قاسم حیات کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایک تالاب ہے جو کائی سے بھر جائے گا (غزل)

ایک تالاب ہے جو کائی سے بھر جائے گا

میرا کمرہ مری تنہائی سے بھر جائے گا

دور تک پھیلا ہوا دل کا یہ خالی منظر

دیکھتے رہیے کہ بینائی سے بھر جائے گا

پیڑ کی کھردری تہہ بیل سے چھپ جائے گی

زخم ہے اور مسیحائی سے بھر جائے گا

جیسے میں اترا ہوں دریاؤں کی گہرائی میں

مجھ میں پانی اسی گہرائی سے بھر جائے گا

اجنبیت کا خلا ہے جو ہمارے مابین

ایک دن رنگ شناسائی سے بھر جائے گا

ہماری آنکھ سے بڑھ کر اداس کوئی نہیں (غزل)

ہماری آنکھ سے بڑھ کر اداس کوئی نہیں

مگر قبیلے میں چہرہ شناس کوئی نہیں

عصائے موسیٰ ذرا ایک ضرب سینے پر

ابلتے چشموں کو راہ نکاس کوئی نہیں

اکیلا میں ہی نہیں پیڑ بھی پریشاں ہیں

یہاں کی آب و ہوا سب کو راس کوئی نہیں

اتر تو جائے گی مجھ میں شعاع اندر تک

سیاہ آئنے سے انعکاس کوئی نہیں

اکیلے پن کا جو دکھ ہے اسے مٹانے کو

ملوں گا آج خدا سے کہ پاس کوئی نہیں

مزید غزلیں از قاسم حیات ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں