پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قاسم علی خان آفریدی کی غزلیں — Qasim Ali Khan Afridi Ghazals

قاسم علی خان آفریدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پارسا تو پارسائی پر نہ کر اتنا غرور (غزل)

پارسا تو پارسائی پر نہ کر اتنا غرور

میں اگر بندہ ہوں عاصی پر مرا مولیٰ غفور

ماسوا دیدار خواہش ہے مجھے کس چیز کی

تو پڑا پھرتا ہے جنت ڈھونڈھتا حور و قصور

میں اگرچہ رند ہوں تو آپ کو میں آپ کو

زہد سے تیرے مجھے مطلب نہ کچھ کار‌ ضرور

تیرے تئیں غرہ ہے اپنی پارسائی زہد کا

میرے تئیں اللہ کے فضل و کرم سے ہے سرور

رند کے مشرب پر اے زاہد تبسم مت کرے

بھید اس کا کچھ نہ پاوے گا تو ہے معنی سے دور

زخم تیغ ابرو سہہ جاوے نہ تجھ سے بوالہوس

ایک شمع سے ہوا تھا جس کے سرمہ کوہ طور

چوتڑ اوپر سر جھکانا اس کو تو سمجھا ہے فخر

ہے نہیں قابل تو فضل اللہ کا اے بے شعور

کیا تجھے معلوم ہے دیر و حرم کی ایک راہ

بت پرستی اس جگہ اور اس جگہ ہے یک امور

دم غنیمت ہے تو ہر دم یاد میں لے دم کے تئیں

ذکر دائم آفریدیؔ ہو چراغ اندر قبور

ماتم رنج و الم غم ہیں بہم چاروں ایک (غزل)

ماتم رنج و الم غم ہیں بہم چاروں ایک

ستم و جور جفا ناز و صنم چاروں ایک

جب اٹکتا ہے جو دل کچھ نہیں چھوڑے باقی

ننگ و ناموس حیا اور شرم چاروں ایک

عشق بازاں کے تئیں عشق میں تیرے اے یار

مسجد و مدرسہ و دیر و حرم چاروں ایک

فرق ہرگز نہیں جو تجھ سے ملاوے آنکھیں

تیر اور خنجر و جمدھر کے زخم چاروں ایک

زلف جوں مار سیہ قد جو درخت چندن

آج دیکھ آئے ہیں اس طور سے ہم چاروں ایک

یار اور عاشق و ساقی و شراب و سبزہ

دیکھتا ہے کوئی یک جائے پہ کم چاروں ایک

بھول جاتے ہیں سبھی بزم میں مہ رویوں کی

عقل و دانش و تمیز اور فہم چاروں ایک

ہوں ترا اے صنما اس وضع فرماں بردار

ساربان و نفر و بندہ خدم چاروں ایک

غیر وصلت کے ترے اور نہ خواہش اپنی

کیا طلا نقرۂ و دینار و درم چاروں ایک

اٹھ گیا قوم سے اشراف کے ہیہات افسوس

عشرت و عیش کہاں جاہ و حشم چاروں ایک

روشنائی و زباں تحفہ کرے قصہ بیاں

جس گھڑی ہوتے ہیں کاغذ و قلم چاروں ایک

بھول جا شوق میں وصلت کے تو سب کو اے دل

دوزخ و جنت و اعراف و عدم چاروں ایک

واسطے تیرے مقرر ہیں دل اندیشہ نہ کر

مہربانی و عطا فضل و کرم چاروں ایک

ہے شجاعت و سخا حلم حیا قاسمؔ علی

شان میں شیر خدا کے ہیں ختم چاروں ایک

مزید غزلیں از قاسم علی خان آفریدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں