قاصد سرسوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم سے کہہ دیں نہ بات کیوں دل کی (غزل)
تم سے کہہ دیں نہ بات کیوں دل کی
ضبط غم اب ہے بات مشکل کی
یاد کشتی کا ڈوبنا آیا
بات کی جب کسی نے ساحل کی
صاحب غم نہ غم کا ذکر کرے
خوب رسمیں ہیں ان کی محفل کی
ہم نے خود آ کے زیر تیغ ستم
لاج رکھ لی ہے عزم قاتل کی
ضرب صیاد کی تو دیں سب داد
کس نے پروائے مرغ بسمل کی
موج دریا و رنگ لالہ و گل
کتنی شکلیں ہیں اک مرے دل کی
مجھ کو احساس آمد طوفاں
آپ کو فکر سیر ساحل کی
مستیٔ اہل کارواں توبہ
کچھ خبر راہ کی نہ منزل کی
ان سے کیا ہو معاملہ قاصدؔ
ہے الگ راہ حق و باطل کی
دامن پہ رنگ لالہ و گل آنا چاہئے (غزل)
دامن پہ رنگ لالہ و گل آنا چاہئے
دل خون ہو کے آنکھوں سے بہہ جانا چاہئے
میرے سکوت ہی کا سہی ذکر کو بہ کو
لوگوں کو ایک شغل اک افسانہ چاہئے
آئے وہ آرزو ہو جسے دید کی مگر
محفل میں اس کی جان کا نذرانہ چاہئے
اب بن گیا ہے درد ہی وجہ سکون دل
اب مجھ کو درد دل کا مداوا نہ چاہئے
پھر دل کو ہے اسی خلش تیر کی طلب
پھر وہ نگاہ نرگس مستانہ چاہئے
قاصدؔ سفر کا عزم ہی جب تم نے کر لیا
پھر حادثات رہ سے نہ گھبرانا چاہئے