کامران جان مشتری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل سے اخلاص گھٹا لطف گھٹا پیار گھٹا (غزل)
دل سے اخلاص گھٹا لطف گھٹا پیار گھٹا
پر نہ وہ ناز ترا اے بت عیار گھٹا
بے وفائی سے تری اپنی وفاداری سے
دل کئی بار بڑھا اور کئی بار گھٹا
خود فروشی کو جو نکلا وہ عزیز عالم
نرخ حسن مہ کنعاں سر بازار گھٹا
گئیں بھی آئیں بھی برسیں بھی گھٹائیں برسوں
بارش دیدۂ تر کا نہ کبھی تار گھٹا
مشتریؔ ہجر کی شب امڑا ہے طوفان الم
تار بجلی نظر آتے ہیں شب تار گھٹا
بوسہ اوس بت کی جبیں کا لیا چندن ہو کر (غزل)
بوسہ اوس بت کی جبیں کا لیا چندن ہو کر
ہوا ہم دوش میں زنار برہمن ہو کر
برسا کرتے ہیں جدائی میں تری برسوں تک
ابر دیدہ کبھی بھادوں کبھی ساون ہو کر
گورا رخ بوسے سے نیلا ہوا اور غیظ سے سرخ
نسترن بن گیا لالہ گل سوسن ہو کر
دسترس پا نہ سکا جب کبھی ڈھب سے ہیہات
پہنچا دل ساعد محبوب میں کنگن ہو کر
دوستی کی دل ہمدرد نے بے درد سے آہ
دشمنی دوست نے کی مشتریؔ دشمن ہو کر
مزید غزلیں از کامران جان مشتری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں