پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

قمرالدین خان کی غزلیں — Qamruddin Khan Ghazals

قمرالدین خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لٹ جاتی ہے ہر چیز وہ تنکا ہو کہ شہتیر (غزل)

لٹ جاتی ہے ہر چیز وہ تنکا ہو کہ شہتیر

ہاں لٹنے سے رہ جاتی ہے اک درد کی جاگیر

اے کاش کوئی کہہ سکے ایسا کوئی اک شعر

اک شعر جو فی الفور ہی بن جاتا ہو تصویر

سنتور پھیرن قہوہ چنار اور شکارا

ان لفظوں سے ابھرا ہے سدا ذہن میں کشمیر

گو ذہن کو معلوم ہے اب ساری حقیقت

اب بھی مگر اس دل سے بندھی چاند کی زنجیر

اک سادہ ورق جذب تھے جس میں کئی آنسو

اک میرے سوا پڑھ نہ سکا کوئی وہ تحریر

کسی بھی زہر سے مجھ کو نہیں کوئی پرہیز (غزل)

کسی بھی زہر سے مجھ کو نہیں کوئی پرہیز

مگر ہے شرط بس اتنی کہ ہو نہ شہد آمیز

وہ ڈر گیا جو نظر آئی فاختہ اس کو

وہ جس کے ہاتھ ہمیشہ سے ہی رہے خوں ریز

میں خود سمجھ نہ سکا آج تک یہ اپنا طلسم

کہ مجھ میں ہے کبھی فرہاد اور کبھی پرویز

نمی پسینوں کی ملتی رہی ہے اس کو اور

ازل سے باقی ہے اب تک جو خاک ہے زرخیز

یہ تشنگی تھی مری جس نے سرنگوں نہ کیا

تھے بے شمار وہاں جام اور سب لبریز

کہ ایک روز میں کہہ لی ہے میں نے ایک غزل

اس ایک شخص کی قربت ہے کیا غزل انگیز

مزید غزلیں از قمرالدین خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں